نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کا اجلاس لاہور میں ہوا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ چین کے ماہرین ماحولیات کی ٹیم اگلے ہفتے لاہور آئے گی۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا اسموگ سے متعلق انٹرنیشنل کنسلٹنٹس سے اسٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہمارے پاس اسموگ بڑھنے کی وجوہات کی مستند ریسرچ ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صرف قیاس آرائیوں کے ذریعے اسموگ پر قابو نہیں پا سکتے۔ مستند ڈیٹا سے ہی اسموگ سے نمٹنے کیلئے جامع اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا عوام ماسک لازمی پہنیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں، اس موقع پر غیر معیاری پیٹرول اور ڈیزل فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کو اس طرح دھویا جائے کہ مٹی پانی کے ساتھ بہہ جائے۔ نگراں وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی سڑکوں کو دھونے کیلئے ٹیموں کی تعداد میں اضافے کی بھی ہدایت کی۔