کراچی(اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے کہا ہے کہ گزشتہ20 سال میں پہلی مرتبہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طالبِ علموں نے گزشتہ3 مہینوں میں41 مقالے جمع کروائے ہیں جبکہ 35زبانی امتحان بھی دیے ہیں، طالبِ علموں کو یہ ہدایت بھی دی جاچکی ہے کہ تحقیقی معیار پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انھوں نے منگل کوڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)،جامعہ کراچی میں انتظامیہ کے اراکین کے ساتھ منعقدہ ایک اجلاس میں کہی۔ واضح رہے کہ پروفیسر فرزانہ شاہین نے چند روز قبل ادارے کے طالب علموں سے اپنے خصوصی خطاب کے دوران یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ طالبِ علموں کے ایم فل اور پی ایچ ڈی اسٹڈیز کی وقت پر تکمیل سے متعلق تمام دیرینہ تعلیمی، انتظامی اور مالی مسائل حل کیے جائیں گے۔