بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان اور بےبو کرینہ کپور نے انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ (آئی ایس پی ایل) میں کولکتہ ٹیم کی ملکیت کے حقوق حاصل کرلیے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے پوسٹ شیئرکرتے ہوئے کولکتہ کرکٹ ٹیم خرید نے کا اعلان کیا ہے۔
کرینہ کپور نے ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ کرکٹ، ایک روایت ہے جسے ہم پروان چڑھاتے ہیں، ایک محبت جسے ہم بانٹتے ہیں، بلآخر یہ ہمارے خاندان منتقل ہوتا آرہا ہے۔
اداکارہ نے ٹیم کی ملکیت کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہورہی ہے کہ انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کی ٹیم کولکتہ کے ملکیت کے حقوق ہم نے حاصل کرلیے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک زبردست موقع ہے اور ہم اس تجربے کا حصہ بنتے ہوئے نہایت پُرجوش ہیں۔ ٹیم کولکتہ کے ساتھ جیت کے لیے کھیلیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے اداکار کے والد منصور علی خان پٹودی انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان رہے ہیں جبکہ ان کی والدہ کا تعلق کولکتہ سے ہے۔
آئی ایس پی ایل کی دیگر ٹیموں کے مالکان میں بالی ووڈ کے اداکار امیتابھ بچن، اکشے کمار اور ہریتھک روشن بھی شامل ہیں۔
انڈین اسٹریٹ پریمیئر لیگ کا آغاز 6 مارچ سے ہوگا اور یہ ایونٹ 15 مارچ تک جاری رہے گا، ایونٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق لیگ کے منتظمین نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ انڈیا کا پہلا ٹینس بال کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا جو اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، اس ٹورنامنٹ کے میچز 10 اوورز پر مشتمل ہوں گے۔