• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سال2023 میں مختلف کھیلوں میں کس کھلاڑی اور ملک کاپلڑا بھاری رہا۔وومن فٹ بال میں اسپین کی ٹیم رہی سب پر بھاری، ٹینس میں سربیا کے نوواک جوکووچ کا کوئی نہ کرسکا مقابلہ، رگبی میں جنوبی افریقہ بازیگر ثابت،چین نے تاریخ رقم کردی، پاکستان نے بازی مارلی، پاکستانی وہیل چیئر کھلاڑی دوبارہ چھاگئے، باکسر عثمان وزیرکے مکے سب پر بھاری، آرزو اور لائبہ کے کراٹے کے وار کوئی سہ نہ سکا، تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان مردوخواتین دونوں ہی کامیاب، چھاگئی پاکستان آرمی، اسکواش میں ناصر اقبال اور زینب خان کا ناقابل شکت اسٹیمنہ، باسکٹ بال کے مقابلے بھی خوب جمے اور نجیب اللہ کا سائیکل دوڑانے میں کوئی ثانی نہیں رہا، خواتین فٹ بال میں اسپین کی ٹیم رہی سب پر بھاری۔ اگست کے مہینے میں ہسپانوی خواتین کی قومی فٹ بال ٹیم نے انگلش خواتین کی قومی ٹیم کو شکست دے کر فٹ بال ورلڈ کپ 2023 جیتا۔

سڈنی میں کھیلے گئے فائنل میچ کا واحد گول 23 سالہ اولگا کارمونونےکیا۔ 75ہزار شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا۔ اسپین اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ اسی لیے فیفا ویمنز ورلڈ کپ 2023 کے اس آخری میچ کو تاریخی قرار دیا جا رہا تھا کیونکہ جو بھی جیت حاصل کرتا،وہ پہلی مرتبہ اس ٹائٹل کو اپنے نام کرتا۔ انگلش خواتین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن ہسپانوی کھلاڑیوں کادفاع زبردست ثابت ہوا۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی میزبانی میں ہونے والے اس عالمی کپ کے فائنل میں اولگا کارمونو کے گول اسکور کرنے کے بعد دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ میں متعددحملے کئے لیکن کوئی بھی کامیاب نہ ہو سکا۔ خواتین کے9ویں ورلڈ کپ کی بہترین کھلاڑی ہسپانوی اٹیکنگ مڈ فیلڈر ایتانہ بونماتی کو قرار دیا گیا جبکہ بہترین گول کیپر کا انعام انگلش پلیئر ماری ایرپس کے حصے میں آیا۔

سلمی پارالیولی کو بہترین نوجوان پلیئر کے ایوارڈ سے نوازاگیا۔ مئی 2024 میں 74ویں فیفا کانگریس کے دوران اعلان کیا جائے گا کہ اگلا ویمنز ورلڈ کپ ایڈیشن 2027کا انعقاد کس ملک میں کیا جائے گا،ٹینس میں سربیا کے نوواک جوکووچ کا کوئی نہ کرسکا مقابلہ۔ انہوں نے چار میں سے تین گرینڈ سلیم ٹائٹل جیت کر اپنی حکمرانی قائم کی اور عالمی نمبر ایک کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے ستمبر کے مہینے میں یوایس اوپن 2023 میں مارگریٹ کے 24گرینڈ سلم سنگلز ٹائیٹل کا ریکارڈ بھی توڑا، وہ نومبر 2023 میں کرس ایورٹ کے ریکارڈ کو توڑکر 36 مرتبہ سلم فائنلز کھیلنے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں جوکرس ایورٹ کے پچھلے ریکارڈ سے دوزیارہ ہے۔

ٹینس کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے طور پہچانے جانے والے سربیا کے عظیم ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ نے چوتھی بار یو ایس اوپن ٹائٹل جیت کر ریکارڈ قائم کیا۔ ستمبر کے مہینے میں انہوں نے یو ایس اوپن 2023 جیت کر مارگریٹ کورٹ کے 24گرینڈ سلیم سنگلز ٹائٹلز کا ریکارڈ توڑا۔ ان کے پاس سب سے زیادہ 36سلم فائنل میں شرکت کا ریکارڈ بھی ہے جوکرس ایورٹ کے پچھلے ریکارڈ سے دو زیارہ ہے۔

رگبی میں جنوبی افریقہ بازیگر ثابت ہوا۔ رگبی ورلڈ کپ 2023 کا فائنل اکتوبر کے مہینے میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان سینٹ ڈینس، اسٹیڈ ڈی فرانس میں کھیلا گیا جو جنوبی افریقانے ایک پوائنٹ سے جیت کرہوم گراؤنڈ سے باہررگبی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے پچھلے پانچ مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں نیوزی لینڈ نے تین اور جنوبی افریقانے دو جیتے تھے۔

نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ آخری بار 1995میں رگبی ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلے تھے جو جنوبی افریقا نے 15-12سے جیتا تھا۔ دونوں ٹیمیں ورلڈ کپ کے پچھلے پانچ مقابلوں میں آمنے سامنے آ چکی ہیں جن میں نیوزی لینڈ نے تین اور جنوبی افریقا نے دو جیتے تھے۔ نیوزی لینڈ کے لیے یہ کسی فائنل میں پانچویں مرتبہ شرکت کرنے کا ریکارڈ تھا جبکہ جنوبی افریقہ نے چوتھی مرتبہ حصہ لیا اور وہفائنل میں کبھی نہیں ہارے۔ فائنل میں جنوبی افریقہ نے ریکارڈ چوتھی بار ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا، دونوں ٹیمیں پہلے ہی تین بار ورلڈ کپ جیت چکی ہیں۔ ایشن گیمز میں چین نے تاریخ رقم کردی۔

اکتوبر کے مہینے میں 29ویں ایشین گیمز چین میں نہ صرف شریک کھلاڑیوں کی تعداد، ایونٹس کی تعداد اور مجموعی پیمانے کے اعتبار سے ریکارڈ قائم کیا بلکہ شاندار نتائج بھی حاصل کئے۔ ایشین گیمز میں 15نئے عالمی ریکارڈ، 37 نئے ایشیائی ریکارڈ، اور 170نئے ایونٹ ریکارڈ قائم کئے گئے۔ ایشین گیمز میں شریک 45ممالک کے ایتھلیٹس میں سے 27ممالک کے ایتھلیٹس نے سونے کے تمغے اور 41نے دیگر تمغے جیتے جوکسی بھی ایشین گیمز میں شریک ایتھلیٹس کی جانب سے جیتے جانے والے ایوارڈز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ان میں سے چینی ایتھلیٹس نے سونے کے 201، چاندی کے 111اور کانسی کے 71 تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر383تمغے جیتے جو ایشین گیمز کی تاریخ میں چینی ایتھلیٹس کا ریکارڈ ہے۔پاکستان ایشین گیمز میں صرف تین میڈلز جیت سکا جس میں ٹیم اسکواش میں سلور، شوٹنگ اور کبڈی میں برانز میڈل حاصل کیا۔ 

مینز اسکواش میں بھارت نے پاکستان کو دو ایک سے ہراکر گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پاکستان دوسری پوزیشن حاصل کر کے سلور میڈل کا حقدار ٹہرا۔ ایشین گیمز میں کشمالہ طلعت نے کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستانی دستے کی لاج رکھی، قوم کی بیٹی نے ملکی تاریخ میں پہلی بار ایشین گیمز کے شوٹنگ مقابلوں میں پاکستان کے لئے کوئی میڈل حاصل کیا۔ قومی شوٹر کشمالہ طلعت نے 10میٹر ایئرپسٹل مقابلوں میں میڈل حاصل کیا۔ کبڈی کے مقابلوں میں پاکستان نے 3 میں سے 2 میچ جیت کر4 پوائنٹس کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں پاکستان نے بازی مارلی۔

جرمنی کے شہربرلن میں 17تا 25جون تک کھیلے گئے اسپیشل اولمپک ورلڈ گیمز میں 11گولڈ، 29سلور اور40برونز میڈلز کے ساتھ مجموعی طور پر 80 میڈلز جیتنے کے ساتھ ساتھ 176 ممالک کے دلوں کو فتح کرنے والا پاکستانی اسکواڈ کا وطن واپس پہنچنے پر کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر اسپیشل اولمپکس پاکستان کے عہدیداران اور ایتھلیٹس کے عزیزواقارب نے بھرپور قومی جذبے سے والہانہ اور پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پرمتڈکرہ ایئرپورٹس کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ان پر گل پاشی کی گئی۔ 

کھلاڑیوں کیلئے خیرمقدمی بینرز اوران کی میڈلز کے ساتھ تصاویر پر مبنی پوسٹرزخصوصی توجہ کامرکز رہی۔کراچی آمد پر پاکستان کیلئے گولڈ میڈلز جیتنے والے سیف اللہ سولنگی، عثمان قمر، عمیرکیانی، فائزہ ناصر، ناہین خان، محمد لقمان، زینب علی رضا اور ورلڈ گیمز کی افتتاحی تقریب کی مشعل بردار قومی ایتھلیٹ ثنا کاکہنا تھا کہ صرف پاکستان کیلئے جیت کے جذبے کے ساتھ برلن گئے تھے، ورلڈ گیمز جیسے میگا ایونٹ میں پاکستان کیلئے میڈلز جیتنا کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔ ہماری محنت، کوچز کی تربیت،اسپیشل اولمپک پاکستان کی سرپرستی اور پوری قوم کی دعاؤں سے کامیابی حاصل ہوئی۔وہیل چیئر ایشیا کپ میں پاکستانی وہیل چیئر کھلاڑی دوبارہ چھاگئے۔

پاکستان اکتوبر میں دوسری بار ٹی ٹونٹی وہیل چیئر ایشین چیمپئن بنا،نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی وہیل چیئر ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں دفاعی چیمئپن کے اسکور 216 رنز کے جواب میں سری لنکا17.2اوورز میں 113رنز پر ڈھیر ہوگئی، عمر گل کو 95رنز بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اوپنر عمر گل 53گیندوں پر 95رنز کی بہترین پرفارمنس پر مین آف دی میچ ایوارڈکے حقدار ٹھرے،باکسر عثمان وزیرکے مکے سب پر رہے بھاری۔

دسمبر کے مہینے میں ڈبلیو بی او یوتھ ورلڈ چیمپئن پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے بنکاک میں ہونے والی فائٹ میں تھائی حریف باکسر کو تیسرے راونڈ میں ہی ناک آوٹ کراپنی انٹرنیشنل رینکنگ فائٹ جیتی۔ عثمان وزیر نے تھائی حریف باکسر کو تیسرے راونڈ میں ہی ناک آوٹ کردیا۔ پاکستانی باکسر عثمان وزیر نے تھائی حریف کو اس کے ہوم گرانڈ پر شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔عثمان وزیر کے جارحانہ انداز کے سامنے تھائی باکسر بے بس ہوکر تیسرے راؤنڈ میں ناک آئوٹ ہوگئے۔ اس فتح کے ساتھ یوتھ ورلڈ چیمپئن باکسر عثمان وزیر نے اپنی 12ویں انٹرنیشنل فائٹ میں بھی ناقابل شکست رہنے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔

ایشین بوائے کے نام سے مشہور ورلڈ یوتھ ٹائیٹل چیمپیئن عثمان وزیر ڈبلیو بی او کی ویلٹر ویٹ عالمی درجہ بندی میں بھی آگے ہیں۔ عثمان وزیر نے رواں سال جون میں اپنے حریف فائیفن کرونگ لانگ کو اپنے آبائی شہر گلگت بلتستان میں سخت مقابلے شکست دینے کے بعد ڈبلیو بی اے ایشین ویلٹر ویٹ چیمپیئن کا اعزازبھی اپنے نام کیا تھا۔ آرزو اور لائبہ کے کراٹے کے وار کوئی سہ نہ سکا۔ دسمبر کے مہینے میں7ویں سائوتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں پاکستان کی آرزو اور لائبہ نے گولڈ میڈل جیتے۔ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ہونے والی چیمپئین شپ میں پاکستان کی آرزو نے66کلو گرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ آرزو نے پہلی فائٹ میں بھارت اور فائنل میں نیپال کی کراٹے کاز کو شکست دی۔ 

اس کے علاوہ ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپئن شپ میں ہی پاکستان کی لائبہ ضیا نے 50کلو گرام کیٹیگری مائنس کلاس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔ لائبہ ضیا نے پہلی فائٹ میں سری لنکا، دوسری فائٹ میں نیپال اور فائنل میں بھارت کی کراٹے کاز کو ہرایا، تائی کوانڈو چیمپئن شپ میں پاکستان مردوخواتین دونوں ہی کامیاب۔ دسمبر کے مہینے میں اسلام آباد میں منعقدہ پانچویں کومبیکس ایشین تائی کوانڈو چیمپئن شپ ایشیا بھر سے آئے ہوئے 20 سے زائد ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی، ایونٹ میں افغانستان نے 2گولڈ اور 2 سلور میڈلزجیت کر ایشین ٹائٹل کا تاج اپنے سرسجا لیا۔ 

پاکستان نے 2گولڈ، ایک سلور اور 7برونز میڈلز کے ساتھ دوسری جبکہ قازقستان کی ٹیم ایک گولڈ اور 4 سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہی۔ خواتین ایونٹ میں قازقستان نے 4گولڈ ،ایک سلور اور 3برونزمیڈلز کے ساتھ پہلی، برطانیہ نے ایک گولڈاور2سلورمیڈلز کے ساتھ دوسری اور ایران نے ایک گولڈ اورایک سلور میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔نیشنل گیمز میں پاکستان آرمی چھاگئی۔ جس میں صوبوں اور ڈیپارنمنٹس کی 14 ٹیموں نے شرکت کی۔ ان ٹیموں میں آزاد کشمیر، بلوچستان،گلگت بلتستان،ہائر ایجوکیشن کمیشن،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، پاکستان ائیرفورس، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس، پاکستان ریلویز، پنجاب، سندھ اور واپڈا کی ٹیمیں شامل تھیں۔ ایونٹ میں 32 کھیلوں کے مقابلے ہوئے جبکہ 4 ایگزیبیشن مقابلے بھی شامل تھے۔

ایونٹ میں پاکستان آرمی نے 199 سونا، 133چاندی اور 66کانسی کے تمغے حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ واپڈا 109 سونا، 101 چاندی اور 80 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہی۔ دوسری آل پاکستان چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ دفاعی چیمپئن ناصر اقبال نے جیتی۔ خواتین کا ٹائیٹل زینب خان کے نام رہا۔ باسکٹ بال کے مقابلے بھی خوب جمے۔ کراچی باسکٹ بال ایسوایشن کے زیراہتمام جون میں نیشنل وومینز باسکٹ بال چیمپیئن شپ کا انعقاد اسکواٹس اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کیا گیا جس میں پاکستان واپڈا اور اسلام آباد کی ٹیم کا مقابلہ فائنل میں ہوا ، پاکستان واپڈا کی ٹیم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ 

اسلام آباد باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اکتوبر میں انٹرڈیپارمنٹل ٹورنامنٹ کا انعقاد اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا جس میں پاکستان آرمی نے کامیابی حاصل کی اور دوسرے نمبر پر پاکستان وپڈا رہی۔ پنجاب باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام نومبر میں نیشنل مینزباسکٹ بال چیمپیئن شپ کا انعقاد لاہور میں کیا گیا جس میں پاکستان واپڈا نے کامیابی حاصل کی جبکہ رنر ٹیم پاکستان آرمی رہی۔ نجیب اللہ کا سائیکل دوڑانے میں کوئی ثانی نہیں رہا۔

نومبر میں مہمند باجوڑ ایجنسی میں مہمندباجوڑ امن سائیکلنگ گالا کا انعقاد مشترکہ طور پر پاکستان آرمی کے 22بریگیڈاور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بہت بڑے پیمانے پر کیا گیاجس میں تمام صوبوں کی سائیکلنگ ٹیموں اور ڈیپارنمنٹس کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ 80 کلومیٹر کی پروفیشنل ریس میں پاکستان واپڈا کے نجیب اللہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ خیبرپختونخوا کے عمر فاروق نے دوسری اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ثنا اللہ تیسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح 25 کلو مٹر کی ایمیچر ریس میں پہلی اور دوسری پوزیشن کے لئے دو انعامات دئیے گئے تھے جو خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ حارث اور عدنان نے جیت لئے۔جون کے مہینے میں سلالہ، عمان میں منعقدہ مینز جونیئر ایشیا کپ میں پاکستان نے سلور میڈل حاصل کیا۔ 

پی ایچ ایف اکیڈمی اصغرخان ہاکی چیمپیئن شپ 2023 مارچ میں اصغراکیڈمی رسالپورر نے کھیلی گئی جس میں کورنگی کریک کی ٹیم نے ٹرافی جیتی۔ استاد اسلم روڈا فلڈ لائٹ ہاکی ٹورنامنٹ2023گوجرہ میں منعقد ہوا جس میں واپڈاکی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب ہاکی سیریز، لاہور2023اپریل میں لاہور میں کھیلی گئی جس میں لاہور کی ٹیم نے کامیابی سمیٹی۔ نیشنل گیمز ہاکی ایونٹس، کوئٹہ2023 میں مئی میں منعقد ہوئے جس میں واپڈا کی ٹیم نے مینز اور وومنز دونوں ہی ٹائیٹل میں ٹرافی اپنے نام کی۔

سال کے اختتام سے قبل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی اے او) کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن 19 سال بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ ان کی جگہ عابد قادری کو اگلے انتخابات تک صدارت کی ذمے داری کے لئے منتخب کیا گیا، اسنوکر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی جانب سے خوشیاں ملتی رہی، مگر حکومت نے اس کھیل پر توجہ نہیں دی، ہاکی میں تنازعات میں کمی نہیں آئی، اس وقت یہ کھیل شدید ترین مشکلات سے دوچار ہے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید