کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آکلینڈ پہنچنے کے بعد منگل کو ایڈن پارک میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ پریکٹس سیشن تین گھنٹے تک جاری رہا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل جمعےکو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔گرین شرٹس سیریز میں بیٹنگ آرڈر کے ساتھ تجربات کی تیاری کررہا ہے۔ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں تین صفر کی بدترین شکست کے بعدٹی ٹوئنٹی کے نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو نئے چیلنج کا سامنا ہے۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کی پرانی اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے کے اشارے مل رہے ہیں۔ محمد رضوان وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے، اگر اعظم خان الیون میں شامل ہوئے تو انہیں پاور ہٹر کے ساتھ وکٹ کیپنگ کرائی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں بیٹنگ آرڈر میں نیا تجربہ کیا جارہا ہے۔ جنگ اس بارے میں دو ہفتے پہلے خبر شائع کرچکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کو بابر اعظم کی جگہ محمد رضوان کے ساتھ بطور اوپنر کھلایا جائے گا۔آکلینڈ میں ٹریننگ سیشن میں صائم ایوب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نئی گیند کے ساتھ پریکٹس کی، جس سے تاثر مل رہا ہے کہ سیریز کے دوران دونوں کرکٹرز ہی بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔ پریکٹس سیشن کے دوران پاکستانی فاسٹ بولر کپتان شاہین آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان نے محمد رضوان اور صائم ایوب کو نئی گیند سے بولنگ کروائی جبکہ بابراعظم کو اسپن کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ بابر اعظم کو تیسرے اور فخر زمان کو چوتھے نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔ اعظم خان بیٹنگ آرڈر میں پانچویں نمبر پر ہوں گے جبکہ افتخار احمد چھٹے نمبر پر فائر پاور فراہم کریں گے، تاہم حالات کے مطابق افتخار اور اعظم کی پوزیشنز کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔