اسلام آباد( طاہر خلیل)الیکشن کمیشن (ای سی پی) نے آئندہ عام انتخابات میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے انتخابات میں حصہ لینے والی تقریباً 150 سیاسی جماعتوں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے۔ای سی پی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کی گئی فہرست کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل۔این) کو ’’شیر‘‘، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی) کو ’’تیر‘‘، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کو ’’تلوار‘‘، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی (پی ٹی آئی۔این) ’’بلے باز‘‘، استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) ’’عقاب‘‘، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم-پی) ’’پتنگ‘‘، جمعیت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی۔ف) کتاب، جماعت اسلامی کو پیمانہ، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (پی ٹی آئی۔پی) کوپگڑی، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کلہاڑی، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) لالٹین،بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کو اونٹ اور بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کو گائے کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا۔