• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک اعلیٰ معیار کی ترقی کے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، چینی قونصل جنرل لاہور

لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں سی سی جی فرینڈشپ ایوارڈ کی تقریب ہوئی ،لاہور میں چین کے قونصل جنرل ژائو شیرین نے اس تقریب میں چین اور پاکستان کی پائیدار دوستی کی تقریبات مناتے ہوئے کہا کہ دنوں ممالک میں متعدد شعبوں میں تعاون مزید گہرا ہورہا ہے ،گزشتہ روز چائینہ قونصل جنرل فرینڈشپ ایوارڈ کی تقریب میں مضبوط دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت 20ممتاز شخصیات کو ان کے تعاون پر اعزاز سے نوازا گیا۔ چینی قونصل جنرل نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(CPEC) اب اعلیٰ معیار کی ترقی کے ایک مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، زراعت اور ماحولیاتی تحفظ جیسے شعبوں میں بنیادی ڈھانچے سے آگے تعاون کو بڑھا رہا ہے۔ژائو شیرین نے پنجاب میں چینی قونصلیٹ کی نمایاں کاوشوں کا بھی خاکہ پیش کیا، جس میں سی پیک کے بیانیے کی حمایت سے لے کر ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں میں سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔ قابل ذکر اقدامات میں بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی میں چائنا اسٹڈیز چیئر پروگرام کا قیام اور مقامی ہسپتالوں اور سماجی تنظیموں کے لیے استعداد کار بڑھانے میں معاونت شامل ہے۔ حالیہ سیکیورٹی خدشات سے درپیش چیلنجوں کو تسلیم کرتے ہوئے، ژاؤ شیرین نے چینی شہریوں اور منصوبوں کے تحفظ ، خاص طور پر بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرات کی روشنی میں پاکستانی حکومت کے تیز اور موثر اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے میں پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے مستقبل کے لیے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ2025چینی قمری کیلنڈر میں’’ سانپ ‘‘کے سال کو دونوں ممالک کے درمیان شراکت کی تجدید اور مضبوطی کے وقت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار اور غیر متزلزل تعلقات کی تصدیق کرتے ہوئے ان میں مزید مضبوطی پر زور دیا۔تقریب میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین، صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب احمد جاوید قاضی اور سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ سمیت 20سی سی جی فرینڈ شپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ملک بھر سے سے مزید