دادو(نامہ نگار)دادو پولیس نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے دو اہم کارندوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ملتان، پنجاب کی رہائشی 24 سالہ لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں ملتان کے رہائشی سرفراز ولد محمد صادق راجپوت اور دادو کے رہائشی سلیم ولد علی نواز بھٹو شامل ہیں۔ متاثرہ لڑکی نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ ملزم سرفراز اسے دھوکہ دے کر ملتان سے دادو لایا اور پیسوں کے عوض دوسروں کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش اعترافِ جرم کیا اور بتایا کہ وہ انسانی اسمگلنگ کے ایک منظم گروہ کا حصہ ہیں، جو پنجاب سے لڑکیوں کو بہلا پھسلا کر مختلف علاقوں میں فحاشی اور دیگر غیر قانونی کاموں کیلئے فروخت کرتے ہیں۔