کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نےکراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کرکے میئر کراچی و چیئرمین واٹر کارپوریشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ملاقات کی دورے کے موقع پر امریکی قونصل جنرل کانرڈ ٹربل انکے ہمراہ تھے جبکہ سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد اور سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان بھی موجود تھے، ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں فریقین کے درمیان ملاقات کا مقصد باہمی دلچسپی کے مواقع تلاش کرنا تھا، ملاقات کے دوران میئر کراچی اور امریکی سفیر نے فراہمی و نکاسی آب کی بہتری کے حوالے سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کی دستیابی اور سیکیورٹی کے حوالے سے حالیہ کیے گئے انتظامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا، ترجمان نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے شعبوں بشمول تجربات کے تبادلے، سرسبز ماحول کے اقدامات، تکنیکی صلاحیت میں اضافہ، پانی کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کی شمولیت کا ارادہ بھی زیر بحث آیا، دورے کے موقع پر امریکی سفیر نے واٹر کارپوریشن کے حال ہی میں قائم کردہ ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کا بھی دورہ کیا اور ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر واٹر کارپوریشن کی طرف سے اٹھائے گئے نئے اقدامات اور اصلاحات کا جائزہ لیا، اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد نے امریکی سفیر کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے آنے والے سالوں میں کارپوریشن کی حالیہ اصلاحات، بحالی اور وژن کے بارے میں آگاہ کیا امریکی سفیر نے واٹر کارپوریشن کو ایک جدید ذمہ دار اور خدمت پر مبنی افادیت میں تبدیل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے پر سی ای او واٹر کارپوریشن کی کاوشوں کو سراہا اور ہائیڈرنٹ مینجمنٹ اینڈ مانیٹرنگ سینٹر کے قیام سمیت بے مثال آپریشنز کو انجام دینے اور پانی کے غیر قانونی کنکشن کے خلاف کاروائیوں پر خصوصی تعریف کی، امریکی سفیر نے ادارے میں فعال پانی کے جدید نظام سپروائزری کنٹرول اور ڈیٹا کے حصول (SCADA) سسٹم کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ اور ری سائیکلنگ کے منصوبوں کے مواقع جاننے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا اور KWSC کو SDGs روڈ میپ پر اس کی کامیاب پیروی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔