کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ، ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں سب سے زیادہ بارش یونیورسٹی روڈ پر 2ملی میٹر ریکارڈ، بارش کے زیر اثر علاقوں میں درجہ حرارت گرگیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ویسٹرن ٹرف کے زیر اثر نچلے درجے کے بادلوں کی تشکیل سے شہر کے شمالی اور وسطی علاقوں سے کچھ دیر کےلیے بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی۔نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ناظم آباد، ایف بی ایریا، گلشن معمار، عائشہ منزل، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور یونیورسٹی روڈ اور چند ملحقہ علاقوں میں بارش ہوئی۔ بارش کے زیرِ اثر علاقوں میں درجہ حرارت گر گیا جبکہ سب سے زیادہ یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔موسمی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی کے وسطی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں خشک سالی کا سلسلہ برقرار ہے۔