پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم نور نے اپارٹمنٹ شیئرنگ کا دردناک قصّہ سنا دیا۔
مریم نور نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے مختلف موضوعات پر دلچسپ گفتگو کی۔
اُنہوں نے شو کے ایک سیگمنٹ کے دوران بتایا کہ میں جب کراچی میں شفٹ ہوئی تو اس وقت میں ایک شیئرنگ اپارٹمنٹ میں رہ رہی تھی لیکن لاہور سے کراچی شفٹ ہونے والوں کی اکثر یہی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک خوبصورت اور صاف ستھری جگہ میں رہیں لیکن ظاہر ہے مہنگی رہائش گاہ ہر ایک افورڈ نہیں کرسکتا تو اس دوران میری ملاقات ایک بہت سلجھی اور سیدھی نظر آنے والی لڑکی سے ہوگئی اور اس نے مجھے شیئرنگ پر ایک اپارٹمنٹ لینے کی پیشکش کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ میں نے اس پیشکش کے بارے میں جب اپنے گھر والوں کو بتایا تو اُنہوں نے سمجھایا کہ میں شیئرنگ کے بجائے کوئی سستا اپارٹمنٹ کرائے پر لے لوں لیکن میں نے والدین کو کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے وہ لڑکی بہت اچھی ہے کچھ نہیں ہوگا۔
اُنہوں نے بتایا کہ اب ہوا یوں کہ وہ لڑکی گاؤں سے آئی تھی تو شروع میں بالکل سیدھی سی تھی لیکن بس کچھ ہی مہینوں میں اسے کوئی بوائے فرینڈ مل گیا پھر اس کے پر نکلنا شروع ہوگئے اور مجھے یوں لگنے لگا کہ جیسے وہ لڑکی اس اپارٹمنٹ کی مالکن ہے اور میں اس کی نوکرانی ہوں۔
مریم نور نے مزید بتایا کہ اس کا رویہ روز بروز یوں ہی خراب ہوتا گیا میرے گھر والے آئے تو ان کے ساتھ بھی اس کا رویہ عجیب سا تھا اور میں نے اس لڑکی سے علیحدہ رہنے کا فیصلہ کرلیا تھا لیکن ہوا یوں کہ میں لاہور گئی ہوئی تو مجھے اس لڑکی نے کال کرکے کہا کہ میں نے اپنے لیے گھر خرید لیا لہٰذا اب میں اسے اپارٹمنٹ کا ڈپوزٹ واپس کردوں جس پر میں نے اس لڑکی کو دو مہینے کا کنٹریکٹ یاد دلایا اور کہا کہ پیسے تو میں دو مہینے بعد ہی دوں گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ پھر جب میں کراچی واپس آئی تو اپارٹمنٹ میں پہنچ کر مجھے معلوم ہوا کہ وہ لڑکی میری چیزیں چوری کرکے لے گئی اور میرے کمرے میں مرے ہوئے جھینگے پھینک گئی، یہی نہیں میری چیزوں میں خراب کھانا بھی ڈال گئی۔