نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کا اسلام آباد میں افتتاح کر دیا۔
ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے زیر اہتمام این ٹی ایس بلڈنگ میں قائم جدید ترین ای روزگار مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے۔ جس میں فری لانسرز کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ جسے بعد میں 300 ورک اسٹیشنز تک توسیع دی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ، ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز اور اسٹارٹ اپس کیلئے آفس رومز ہیں۔ ای روزگار مرکز سے ملک بھر میں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کا آغاز ہوگیا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ منصوبےکی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا۔ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں نمایاں اضافہ کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ای روزگار مراکز کیلئے وزیراعظم اسکیم کے تحت بلاسود قرضے دیےجائیں گے۔ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔
انکا کہنا تھا کہ دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں۔ آنے والی حکومت کیلئے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا روڈ میپ بنا دیا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ ڈیجیٹل ایکو سسٹم کیلئے ایس آئی ایف سی کے تعاون سے مطلوبہ اقدامات کیے۔