• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شعر و سخن: کوہ کے ہوں بار خاطر گر صدا ہو جائیے ...

…مرزا غالب…

کوہ کے ہوں بار خاطر گر صدا ہو جائیے

بے تکلف اے شرار جستہ کیا ہو جائیے

بیضہ آسا ننگ بال و پر ہے یہ کنج قفس

از سر نو زندگی ہو گر رہا ہو جائیے

وسعت مشرب نیاز کلفت وحشت اسدؔ

یک بیاباں سایۂ بال ہما ہو جائیے

یاد رکھیے ناز ہائے التفات اولیں

آشیان طائر رنگ حنا ہوجائیے

لطف عشق ہریک انداز دگر دکھلائیے گا

بے تکلف یک نگاہ آشنا ہوجائیے

داداز دست جفائے صدمہ ضرب المثل

گر ہمہ افتادگی جوں نقش پا ہوجائیے


گلشن میں بندوبست بہ رنگ دگر ہے آج

گلشن میں بندوبست بہ رنگ دگر ہے آج

قمری کا طوق حلقۂ بیرون در ہے آج

آتا ہے ایک پارۂ دل ہر فغاں کے ساتھ

تار نفس کمند شکار اثر ہے آج

اے عافیت کنارہ کر اے انتظام چل

سیلاب گریہ درپئے دیوار و در ہے آج

معزولیٔ تپش ہوئی افراط انتظار

چشم کشادہ حلقۂ بیرون در ہے آج

حیرت فروش صد نگرانی ہے اضطرار

سر رشتہ چاک جیب کا تار نظر ہے آج

ہوں داغ نیم رنگیٔ شام وصال یار

نور چراغ بزم سے جوش سحر ہے آج

کرتی ہے عاجزیٔ سفر سوختن تمام

پیراہن خسک میں غبار شرر ہے آج

تا صبح ہے بہ منزل مقصد رسیدنی

دود چراغ خانہ غبار سفر ہے آج

دور اوفتادۂ چمن فکر ہے اسدؔ

مرغ خیال بلبل بے بال و پر ہے آج

معزز قارئین! آپ سے کچھ کہنا ہے

ہماری بھرپور کوشش ہے کہ میگزین کا ہر صفحہ تازہ ترین موضوعات پر مبنی ہو، ساتھ اُن میں آپ کی دل چسپی کے وہ تمام موضوعات اور جو کچھ آپ پڑھنا چاہتے ہیں، شامل اشاعت ہوں، خواہ وہ عالمی منظر نامہ ہو یا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، رپورٹ ہو یا فیچر، قرطاس ادب ہو یا ماحولیات، فن و فن کار ہو یا بچوں کا جنگ، نصف سے زیادہ ہو یا جرم و سزا۔ لیکن ان صفحات کو اپنا سمجھتے ہوئے آپ بھی کچھ لکہیں اور اپنے مشوروں سے نوازیں بھی۔

خوب سے خوب تر کی طرف ہمارا سفر جاری ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ آج جب پڑھنے کا رجحان کم ہوگیا ہے، آپ ہمارے صفحات پڑھتے ہیں اور وقتاً فوقتاً اپنی رائے کا اظہار بھی کرتے رہتے ہیں۔ لیکن اب ان صفحات کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی رائے بھی دیں اور تجاویز بھی، تاکہ ان صفحات کو ہم آپ کی سوچ کے مطابق مرتب کرسکیں۔

ہمارے لیے آپ کی تعریف اور تنقید دونوں انعام کا درجہ رکھتے ہیں۔ تنقید کیجیے، تجاویز دیجیے۔ اور لکہیں بھی۔ نصف سے زیادہ، بچوں کا جنگ، ماحولیات وغیرہ یہ سب آپ ہی کے صفحات ہیں۔ ہم آپ کی تحریروں اور مشوروں کے منتظر رہیں گے۔ قارئین کے پرزور اصرار پر نیا سلسلہ میری پسندیدہ کتاب شروع کیا ہےآپ بھی اس میں شریک ہوسکتے ہیں ، ہمارا پتا ہے:

رضیہ فرید۔ میگزین ایڈیٹر، روزنامہ جنگ، اخبار منزل،آئی آئی چندیگر روڈ، کراچی