پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ میں بانی چیئرمین کے ووٹ سے جیت گئی ہوں۔
ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو میں زرتاج گل وزیر نے کہا کہ میری نشست بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، عزت کے ساتھ اپنی پارٹی کے فیصلے پر عمل کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ میری انتخابی کامیابی میں میرا ذاتی 1 ووٹ بھی نہیں، بانی پی ٹی آئی کے ووٹ سے جیت گئی ہوں، میں لوٹا بن کرذلیل نہیں ہونا چاہتی۔
پی ٹی آئی کی خاتون رہنما نے مزید کہا کہ فارم 45 کو لے کر ہمارے امیدوار متعلقہ فورمز پر اپیل کریں گے، میں نے اپنے ووٹ پر پہرہ دیا، 65 ہزار کی لیڈ کو تبدیل نہیں کرنے دیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے فارم 47 کے مطابق این اے 185 ڈی جی خان 2 سے زرتاج گل وزیر 94 ہزار 881 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائی ہیں۔
فارم 47 کے مطابق اس نشست پر آزاد امیدوار محمود قادر خان نے 32 ہزار 929 جبکہ پیپلز پارٹی کے دوست محمد کھوسہ نے 26 ہزار 621 ووٹ لیے۔
ای سی پی فارم 47 کے اعداد و شمار کے مطابق این اے 185 پر مرد و خواتین ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 355 ہے، جن میں سے 1 لاکھ 83 ہزار 541 نے حق رائے دہی استعمال کیا، یوں ووٹنگ کی شرح 45 اعشاریہ 84 فیصد رہی ہے۔
Pakistan election 2024 | Election 2024 Constituencies | Election 2024 candidates