اسلام آباد (رانا غلام قادر) سی ڈی اے نے اسلام آباد میں نجی شعبہ کی شراکت سے ہاؤسنگ سکیم ڈویلپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ہاؤسنگ اسکیم کری انکلیو ہاؤسنگ پراجیکٹ کے نام سے موضع کری میں دس ہزار کنال اراضی پر ڈویلپ کی جائے گی جو سی ڈی اے کی ملکیت ہے۔ سی ڈی اے اربوں روپے مالیت کے اس ہاؤسنگ پراجیکٹ کو نجی فرم کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے ذریعے ڈویلپ کرنا چاہتا ہے جس کیلئے نجی شعبہ کے رئیل اسٹیٹ ڈویلپرز سے دو ہفتوں کے اندر آفرز(Expressionn of Interest) طلب کر لی گئی ہیں سی ڈی اے پلاٹ شیئرنگ کرے گا، نجی شعبہ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کا یہ پہلا ہاؤسنگ پراجیکٹ ہوگا ۔ رئیل اسٹیٹ ڈویلپر انفرادی حیثیت میں بھی پیشکش جمع کرا سکتا ہے اور کنسوشیم بنا کر جوائنٹ وینچر بھی کرسکتا ہے۔ وہ دس ہزار کنال اراضی پر ہاؤسنگ پراجیکٹ کو ڈویلپ کرنے کا تجربہ اور اہلیت رکھتا ہو۔ ٹاؤن پلاننگ اور تفصیلی انجینئرنگ ڈیزائن کو سی ڈی اے ریگولیشنز کے مطابق تیار کرنا بھی فرم ہی کی ذمہ داری ہوگی۔ ذرائع کے مطابق جس فرم کو کام ایوارڈ دیا جائے گا تمام سرمایہ کاری وہ کرے گی، زمین کا قبضہ فرم لے گی۔ پلاننگ اور ڈویلپمنٹ فرم کرے گی۔ پلاننگ سکیم کی منظوری سی ڈی اے دے گا۔ سی ڈی اے اور فرم ر ہائشی اور کمرشل پلاٹس میں شیئرنگ کریں گے۔ نیم سرکاری رئیل اسٹیٹ کمپنیاں بھی اس پراجیکٹ کیلئے اپلائی کرسکتی ہیں۔ سی ڈی اے بورڈ اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے کی منظوری دے چکا ہے۔