قومی اسمبلی کے حلقے این اے 43 ٹانک کے ایک پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث وہاں پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔
حلقے این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ جاری ہے۔
ایک پولنگ اسٹیشن ضلع ٹانک کے کوٹ اعظم اور 5 پولنگ اسٹیشنز تحصیل کلاچی میں واقع ہیں۔
کوٹ اعظم کے پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 مسلح افراد مارے گئے، فائرنگ کی وجہ سے پولنگ کا عمل روک دیا گیا ہے۔
8 فروری کو سیکیورٹی صورتحال کے باعث 6 پولنگ اسٹیشن پر پولنگ نہیں ہوسکی تھی، جے یو آئی ف کے امیدوار مولانا اسعد محمود نے ان پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کی درخواست کی تھی۔
الیکشن میں جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیٹے مفتی اسعد محمود اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور خان کنڈی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 348 پولنگ اسٹیشنز میں سے 342 پولنگ اسٹیشنز کے رزلٹ آگئے ہیں جس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار کو 826 ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔