وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ مولانافضل الرحمان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو سیاسی اختلافات کی نذر نہ ہونے دیں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو قومی سلامتی پر ذمہ دارانہ مؤقف اپنانے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کا موازنہ زمینی حقائق پر کر یں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ریاستی کوششوں اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو مدنظر رکھیں، بلوچستان میں سیاسی اختلافات کے باوجود دہشت گردی کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کیا جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیتی ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی حکومتوں کا موازنہ عملی اقدامات اور زمینی حقائق کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ریاست اور پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قومی سلامتی پر ذمہ دارانہ گفتگو کا تقاضا کرتی ہیں، قومی سلامتی سیاست سے بالاتر ہے، ریاست کو سیاست کی نذر نہ کیا جائے۔