• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشنز کی وجہ سے اسپیکر کا انتخاب نہیں روک سکتا، سبطین خان

سبطین خان: فوٹو فائل
سبطین خان: فوٹو فائل

اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشنز نہ ہونے کی وجہ سے اسپیکر کا انتخاب نہیں روک سکتے۔

پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے  گفتگو میں سبطین خان نے کہا کہ وہ پنجاب اسمبلی کے اندر سے کسی کو گرفتار کرنے نہیں دیں گے۔

سبطین خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اگر 10روز تک نتائج کا اعلان نہیں کرتا تو اتنا عرصہ اجلاس کیسے روک سکتا ہوں، 23 مخصوص اور 3 اقلیتی نشستوں کے نتائج الیکشن کمیشن نے روکے ہوئے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ مخصوص نشستوں کے نوٹیفکیشن کے بعد ان ارکان کی حلف برداری ہوگی اس سے پہلے ممکن نہیں۔

سبطین خان نے یہ بھی کہا کہ میاں اسلم اقبال کا رکن پنجاب اسمبلی بننے کا نوٹیفکیشن ہو چکا ہے، انہوں نے پشاور سے اپنی حفاظتی ضمانت بھی کروالی ہے، کل میاں اسلم اقبال کی گرفتاری سے متعلق پروپیگنڈا چلا تھا، میں نے اسی پروپیگنڈے پر میاں اسلم اقبال کے پروڈکشن آرڈر کی بات بھی کی تھی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ میاں اسلم اقبال گرفتار نہیں ہوئے، مجھے نہیں معلوم اسمبلی کیوں نہیں آئے، میاں اسلم اقبال جب آئیں گے تو ان کی حلف برداری ہوجائے گی۔

قومی خبریں سے مزید