کراچی (نیوز ڈیسک) کوئن میری کالج لندن کے سائنسدانوں کی ایک حالیہ تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ زحل کے چاند میماس پر برفیلی تہہ کے نیچے ایک سمندر موجود ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق یہ سمندر 2 ملین (20 لاکھ) سے 25 ملین (ڈھائی کروڑ) سال پہلے وجود میں آیا تھا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ یہاں زندگی کی نشونما ممکن ہے۔ دنیا بھر سے ماہرین فلکیات کے لیے یہ ایک چونکا دینے والی دریافت ہے، جس سے سائنسدانوں کی ʼʼاوشین مون‘‘ یا چاند کے سمندر کی پرانی تعریف تبدیل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کسی سیارے کے چاند پر زندگی کی نشونما کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوئن میری کالج لندن کے ماہرین ِ فلکیات پر مشتمل ایک ٹیم کی نئی تحقیق کے مطابق زحل کے چاند میماس پر برفیلی تہہ کے نیچے ایک سمندر چھپا ہوا ہے۔ رواں ماہ نیچر سائنس جرنل میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مصنف ولیری لینی آبزرویٹوائر ڈی پیرس سے باحیثیت ماہر فلکیات وابستہ ہیں۔ انہوں نے ڈوئچے ویلے کو بتایا، ʼʼیہ نئی تحقیق ہمارے لیے حیران کن ہے کیونکہ سائنسدانوں کا خیال تھا کہ زحل کے چاند میماس پر مائع حالت میں پانی کا ہونا ممکن نہیں ہے۔‘‘ ولیری لینی کے مطابق میماس پر برفیلی تہہ اتنی موٹی ہے کہ اس کے نیچے یہ سمندر بغیر کسی واضح ایکٹیویٹی کے لاکھوں سال چھپا رہا۔