اسپیشل اولمپکس پاکستان اورلیجنڈز ایرینا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب لیجنڈز ایرینا میں منعقد ہوئی جس میں اسکواش کے سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان اور اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے دستاویزات پر دستخط کیے اس شراکت داری کے تحت اسپیشل اولمپکس پاکستان کے کھلاڑی اور ممبران لیجنڈز ایرینا میں موجود جدید ترین سہولیات بشمول فٹسال، پیڈل کورٹس، کرکٹ اور جاگنگ ٹریک سے مستفید ہوسکیں گے تقریب میں لیجنڈز ایرینا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طلال شاہ خان،چیف آپریٹنگ آفیسر سعود احمد،چیف مارکیٹنگ آفیسر یوسف غزنوی اسپیشل اولمپک پاکستان کی نیشنل ا سپورٹس ڈائریکٹر فرخندہ جبین، نیشنل ڈائریکٹر طحہ طاہر، ایتھلیٹ لیڈر اور ایس او پی بورڈ ممبر یسمین شریف اور ایتھلیٹ لیڈرمحمد عفان بھی موجود تھے۔
اس موقع پرلیجنڈز ایرینا کے چیئرمین جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ ہم اسپیشل اولمپکس پاکستان کے ساتھ ان کے کھیلوں کو فروغ دینے اور ذہنی معذوری کے حامل افراد کو بااختیار بنانے کے مشن میں شراکت کرنے پر بہت خوش ہیں ہمارا مقصدایس او پی ایتھلیٹس کو ایک ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جہاں انہیں کھیلوں کے حوالے سے ان کی بہترین صلاحیتوں کے اظہار اور یکسوئی کے ساتھ بھرپور ٹریننگ کے مواقع حاصل ہوں۔
اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن محترمہ رونق لاکھانی نے کہا کہ یہ مفاہتی یاداشت ذہنی معذوری کے شکار افراد کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو دانشورانہ معذوری کے حامل افراد کے حقوق اور مواقع کو آگے بڑھانے، کھیلوں کی برادری میں قبولیت اور شمولیت کے کلچر کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا اس سے نہ صرف جہاں تمام صلاحیتوں کے حامل افراد کو کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں تک مساوی رسائی حاصل ہو گی وہیں لیجنڈز ایرینا کی عالمی معیار کی سہولیات ہمارے ایتھلیٹس کو اپنے شوق کو آگے بڑھانے اور ایک وسیع پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بااختیار بنائیں گی۔