کراچی (اسٹاف رپورٹر)سٹی کورٹ میں کراچی بار کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کا انعقادکیا گیا۔مہمان خصوصی چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے کراچی بار کی نو منتخب کابینہ سے حلف لے لیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ عقیل احمد عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بار کے تمام مسائل کے حوالے سے میں بخوبی واقف ہوں، تمام مسائل کے حل کے لئیے میری جانب سے احکامات دے دئیے گئے ہیں ، کراچی بار کی رینوویشن ، لائیبریری کے لئےکتابوں کیلئےکہہ دیا گیا ہے، جتنی جلدی ہمیں نشان دہی کردی جائے گی اسے اسی وقت حل کرنے کا کام شروع ہو جائے گا، ہمارا ایجنڈا ہے کہ ہم سب قانون کی حکمرانی کو ساتھ لے کر چلیں ، ججز کے رویے کے حوالے سے بہت کام کیا ہے ۔حلف لینے والوں میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ ، نائب صدر نصراللہ جلبانی ، جنرل سیکرٹری اختیار علی چنا ، خزانچی راحیل سمسام ، لائبریرین شیخ کاشف امجد، اراکین مجلس عاملہ ایاز علی سولنگی، عدنان فاروق ، عبدالفہیم میمن ، فوزیہ فتح محمد، راج حسین ، ظفر علی، حسینہ تبسم ، عبدالمالک بلوچ ، اسلم چانڈیو، عبد القادر سومرو، طاہر محمود شامل ہیں۔ کراچی بار کے صدر عامر نواز وڑائچ نے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کو اجرک اور سندھی ٹوپی پہنائی ۔جنرل سیکرٹری کراچی بار اختیار علی چنا نے چیف جسٹس عقیل احمد عباسی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔تقریب میں ہائی کورٹ اور سٹی کورٹ کے ججز ، ایڈووکیٹ جنرل، پراسیکیوٹر جنرل نے بھی شرکت کی۔ہائی کورٹ با ر کی کابینہ سمیت وکلاء کی بڑی تعداد تقریب میں موجودتھی۔