ایک نئے عالمی تجزیاتی تخمینے کے مطابق دنیا بھر میں اس وقت تقریباً ایک ارب سے زیادہ بالغ اور بچے فربہی (مٹاپے) میں مبتلا ہیں۔
انگلستان کے معروف طبی دی لانسٹ جرنل کی 29 فروری کی حالیہ شائع شدہ رپورٹ کے مطابق لگ بھگ 880 ملین (88 کروڑ) بالغ اور 159 ملین (15 کروڑ 90 لاکھ) بچے اس وقت فربہی کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
دنیا بھر میں 1990 اور 2022 کے درمیان بچوں اور نوجوانوں میں مٹاپے کی شرح چار گنا ہوگئی، لڑکیوں میں یہ شرح 1.7 سے 6.9 فیصد جبکہ لڑکوں میں 2.1 سے 9.3 فیصد ہوگئی۔
تحقیق میں یہ بھی پتہ چلا کہ اسی عرصے کے دوران بالغوں میں یہ شرح دگنی سے زیادہ ہوگئی ہے۔ اسی طرح خواتین میں یہ شرح 8.8 سے بڑھ کر 18.5 جبکہ مردوں میں 4.8 سے بڑھ کر 14 فیصد ہوگئی۔