• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان: ٹیکس نہ دینے والے غیر ملکیوں کا مستقل رہائشی ویزہ منسوخ کرنے کا فیصلہ

--- فائل فوٹو
--- فائل فوٹو

جاپانی حکومت نے جاپان کا مستقل رہائشی ویزے کے حامل غیرملکیوں کو ٹیکس سسٹم میں شامل کرنے کے لیے قانون سازی کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت ٹیکس نہ دینے والے غیر ملکیوں کا مستقل رہائشی ویزہ منسوخ کردیا جائے گا۔

جاپانی حکومت نے جاپان میں مقیم ٹیکس اور دیگر ادائیگیاں نہ کرنے والے غیر ملکیوں کے مستقل رہائشی ویزوں کی منسوخی کے قانون کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت 8 لاکھ 80 ہزار غیر ملکیوں کو جاپان نے مستقبل رہائشی ویزہ جاری کیا ہوا ہے۔

تاہم جاپان کے مستقل ویزہ رکھنے والے بیشتر غیر ملکی ہیلتھ انشورنس، انکم ٹیکس اور پینشن کی کٹوتی نہیں کرواتے ہیں، جس سے جاپان میں مستقل ویزے کی افادیت ختم ہوجاتی ہے۔ 

جاپانی حکام کا کہنا ہے کہ جاپان کا مستقل ویزہ رکھنے والے ان شہریوں کو تقریباََ جاپانی شہریوں کے تمام حقوق حاصل ہیں، سوائے پاسپورٹ کے اور اگر یہ مستقل ویزہ رکھنے والے شہری چاہیں تو جاپانی پاسپورٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

تاہم ان غیر ملکیوں کی ایک معقول تعداد جاپان کی سوسائٹی میں اپنا کردار ادا نہیں کررہی ہے اور جاپانی شہری جس طرح حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں یہ غیر ملکی اس طرح ٹیکس سسٹم میں شامل نہیں ہیں۔

لہٰذا حکومت نئے قانون میں ایسے غیر ملکی شہریوں کا مستقل رہائشی ویزہ منسوخ کرنے کا اختیار حاصل کرنے جارہی ہے جس کے بعد حکومت ہر اس غیر ملکی شہری کا مستقل ویزہ منسوخ کرنے کے اہل ہوجائے گی جو جاپانی ٹیکس سسٹم میں شامل نہیں ہونا چاہتا۔

واضح رہے کہ ماضی میں جس غیر ملکی شخص کو ایک دفعہ جاپان کا مستقل ویزہ مل جاتا تھا اسے ممسوخ کرنے کا اختیار جاپانی حکومت کے پاس نہیں تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید