• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور گھر کاچراغ بجھا دیا، یونیورسٹی طالب علم مزاحمت پر قتل

کراچی (اسٹاف رپورٹر )شہر میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور گھر کا چراغ بھجا دیا،کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں نجی یونیورسٹی کے طالبعلم اور مصنف کو ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا،مقتول لاریب کے والد کے مطابق لاریب کی کتاب کی رونمائی آج بدھ کے روز ہونی تھی ، میرے بیٹے کو اپنی لکھی گئی کتاب کی پریزنٹیشن دینی تھی لیکن ڈاکوؤں نے میرے بیٹے کا خواب چھین لیا۔والد نے بتایا کہ لاریب کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا، اریب کے بھائی نے بتایا کہ اس کی شادی آئندہ سال ہونی تھی اور گھر میں تیاریاں بھی جاری تھیں، ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا تھانے کو تنزلی کیساتھ معطل کردیا۔سب انسپکٹر فراز خان کو جرائم پر قابو نہ پانے پر معطل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود اللہ والا ٹاؤن سعد بن معاذ مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ محمد لاریب ولد محمد حسن جاں بحق ہو گیا۔واقعہ کے بعد ڈاکو باآسانی فرار ہو گئے۔مقتول نجی یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور واقعہ کے وقت باڈی بلڈنگ کلب سے واپس گھر آرہا تھا جب دو ملزمان نے اسے روکا اور فائرنگ کی۔ایک گولی مقتول کی آنکھ کے پاس لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کو جائے وقوع سے ایک تیس بور پستول کا خول ملا ہے جبکہ مقتول کے پاس سے موبائل فون نہیں ملا۔مقتول لاریب چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور نجی یونیورسٹی میں بی بی اے فائنل کا طالب علم تھا۔مقتول کے بھائی شاہزیب نے بتایا کہ میرے بھائی کی اگلے سال شادی تھی ،گھر میں شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ بھائی کو بیرون ملک جانا تھا، اس نے بتایا کہ لاریب بیسک اکاؤنٹنگ پر کتاب لکھ رہا تھا۔مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کا قتل ہوتا رہا تو پاکستان کا نقصان ہوتا رہے گا،ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔مقتول لاریب کی نمازجنازہ بعد نماز عصر اللہ والا ٹاون کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی گی۔اس موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گلی میں پہلےایک لڑکےکو لوٹا پھر لاریب کو لوٹنےکی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر دو گولیاں چلائیں، ایک گولی لاریب کو آنکھ پاس لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کے مطابق اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔منگل کی دوپہر ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نیازی مقتول لاریب کے گھر پہنچے اور مقتول کے لواحقین کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی بنیاد پر شواہد حاصل کئے جارہے ہیں،ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید