کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سفاری پارک میں تعمیر کی گئیں اندرونی سڑکوں،ریستوران، گھڑ سواری،کاؤ بوائے کیفے اور شوٹنگ رینج کا افتتاح کیا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ سفاری پارک میں گھوڑے موجود ہیں پہلے یہ شوق صرف اشرافیہ پورا کرسکتی تھی،کے ایم سی نے اب یہاں شہریوں کے لئے گھڑ سواری کی سہولت بھی مہیا کردی ،اس کے علاوہ مزید جانور سفاری پارک اور چڑیا گھر میں لائے جا رہے ہیں، شہریوں کو تفریح کی مزید سہولتیں فراہم کریں گے، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں نئے پارکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ پہلے سے تعمیر شدہ پارکوں کی تزئین و آرائش اور ازسرنو تعمیر کا کام بھی جاری ہے،انہوں نے کہا کہ معزز سپریم کورٹ کا شکر گزار ہوں کہ ماضی میں جو اداروں سے غلطیاں ہوئیں اس کا اعتراف کیا جا رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو سے متعلق صدارتی ریفرنس پر جو رائے دی گئی اس سے انصاف کا بول بالا ہوا۔