کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات و واقعات میں5افراد جاں بحق ہوگئے،تفصیلات کے مطابق ناظم آباد پل پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار 25 سالہ عظیم احمد خان ولد نسیم انور جاں بحق ہو گیا لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، متوفی اورنگی ٹاؤن کا رہائشی تھا،پولیس کے مطابق متوفی موٹر سائیکل پرسوارتھا اور تیزرفتاری کے باعث فٹ پاتھ سے ٹکرانے کے بعد گرین لائن کی آہنی گرل سے ٹکرایا جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا،جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق متوفی نوجوان تیز رفتار گاڑی کی ٹکرسے جاں بحق ہوا ،گارڈن ایسٹ البیلا سگنل کے قریب پرنس ایونیوکی تیسری منزل سے گرکر 60 سالہ منظور علی شاہ ولد فتح علی شاہ جاں بحق ہو گیا ، لاش کو سول سپتال منتقل کیا گیا ، متوفی مزدور بتایاجاتا ہے اور کام کے دوران عمارت کی تیسری منزل سے گرکرجاں بحق ہوا، سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 4A میں پراسرار طور پر گھر کی چھت سے گر کر 40 سالہ شادمہ زوجہ الیاس جاں بحق ہوگئی ، لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی ، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ گھر کی پہلی منزل کی چھت سے گر کر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ۔ملیر داؤد غازی گوٹھ کے قریب رہائشی عمارت کی تیسری منزل سے گر کر 36سالہ جنید ولد اصغر جاں بحق ہوگیا۔ماڑی پور میں واقع گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 34سالہ عامر خان ولد معصوم خان جاں بحق ہوگیا۔