• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسکرز تقریب میں اسرائیلی مظالم کیخلاف احتجاج، اداکاروں نے علامتی سرخ پن لگایا

  
تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

فلمی دنیا کے مشہور ایوارڈز آسکرز کی تقریب میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ ہالی ووڈ کے مشہور ستاروں نے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کی علامت سرخ پن بیجز لگائے۔  

سرخ پن بیجز لگانے والوں میں اداکار مارک روفیلو، رامی یوسف اور موسیقار بیلی ایلیش سمیت دیگر ستارے شامل تھے۔ 

عرب میڈیا کے مطابق سرخ بیجز سلیبریٹیز اور فلمی صنعت کے ممبرز پر مبنی ایک گروپ آرٹسٹ فار سیز فائر نے بانٹے ہیں۔

جبکہ اس گروپ نے اجتماعی طور پر گزشتہ برس اکتوبر میں ایک دستخطی مہم بھی چلائی تھی جس میں گروپ نے امریکی صدر بائیڈن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غزہ میں سیز فائر کے ساتھ مغویوں کو باحفاظت رہا کروائیں۔

اس گروپ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق اس پن کا مقصد فوری اور مستقل جنگ بندی، مغویوں کی بازیابی اور فوری طور پر غزہ کے شہریوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی شامل ہے۔ 

اس پر 380 دستخط ثبت ہیں جس میں کیٹ بلانچے، بین افلیک، جنیفر لوپز اور براڈلی کوپر بھی شامل ہیں۔ 

معروف اداکار اور کامیڈین رامی یوسف نے امریکی میڈیا سے اس موقع پر گفتگو کے دوران کہا ہم غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا کہہ رہے ہیں۔

ہم فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور امن کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں ایک حقیقی عالمگیر پیغام یہ ہے کہ بچوں کا قتل روکا جائے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید