• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کا عالمی دن: فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام شاندار تقریب کا انعقاد

ـــ جنگ فوٹو
ـــ جنگ فوٹو

فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کے زیرِ اہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

یہ تقریب پاکستان کے سفارت خانے نے زونٹا انٹرنیشنل پیرس کے تعاون سے  منعقد کی جس میں سفارتی برادری، حکومت کے سرکردہ نمائندوں، یونیسکو، بین الاقوامی اداروں، سول سوسائٹی اور میڈیا سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

 پاکستان فرانس سینیٹ فرینڈ شپ گروپ کے اراکین سینیٹر ویویٹ لوپیز اور پیئر کیوپر نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر سفیر پاکستان عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں پاکستان کی آزادی اور قومی ترقی میں خواتین کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور مختلف شعبوں میں ان کی شاندار کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

اُنہوں نے اسلام میں خواتین کے مرکزی مقام پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام خواتین کے حقوق کو اہمیت دینے پر زور دیتا ہے اور دوسرے مصائب کی نسبت اسلام خواتین کی آزادی کا سب سے زیادہ درس دیتا ہے۔

عاصم افتخار نے کہا کہ اسلام نے خواتین کے حقوق سمیت بنیادی انسانی حقوق کا ایک جدید اور وقت سے پہلے کا فریم ورک بھی فراہم کیا۔ 

انہوں نے زندگی کے تمام پہلوؤں میں صنفی مساوات کے لیے کوششیں جاری رکھنے اور ہر لڑکی اور عورت کو اپنی مکمل صلاحیتیں حاصل کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر بھی زور دیا۔

تعلیم کو ایک کلیدی معاون کے طور پر بیان کرتے ہوئےسفیرِ پاکستان نے مشترکہ مقاصد کو فروغ دینے کے لیے سول سوسائٹی کے ساتھ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ 

انہوں نے صنفی مساوات اور خواتین کی نمائندگی کے لیے حکومت کے مثبت اقدام کے عملی مظہر کے طور پر سفارت خانے کے مختلف ونگز کی سربراہی کرنے والی خواتین افسران کے کام کی بھی تعریف کی۔

تقریب کے دوران پاکستان کی تاریخ میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی کامیاب پاکستانی لڑکیوں اور خواتین کی نمائش کرنے والی ایک تفصیلی پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے تعلیم محترمہ سٹیفنیا گیانینی نے عالمی سطح پر SDG-4 تعلیم کو فروغ دینے میں یونیسکو کے کردار پر روشنی ڈالی۔ 

اُنہوں نے ملالہ فنڈز ان ٹرسٹ گرلز رائٹ ٹو ایجوکیشن پروگرام کا پاکستان اور یونیسکو کے دیگر شراکت داروں کے درمیان شراکت داری کے ایک کامیاب رول ماڈل کے طور پر بھی ذکر کیا جس کا آغاز پاکستان اور کئی دیگر ممالک میں لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔

زونٹا کلب کے صدر نے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور فروغ کے لیے تنظیم کے ویژن اور سرگرمیوں کو پیش کیا۔

‏GAVI کی سی ای او محترمہ ثانیہ نشتر اور پاکستان وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ کے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغامات بھی چلائے گئے۔

اس موقع پر تین ممتاز پاکستانی فرانسیسی خواتین، تبسم سلیم (سول سروس)، نغمانہ کیانی (سوشل سروس) اور شاز ملک (شاعر و مصنف) نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

خاص رپورٹ سے مزید