• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، سعودیہ کا مل کر کام کرنے، دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) پاکستان اور سعودی عرب نے ملکر کام کرنے اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ صدر آصف علی زرداری نے خصوصی تقریب میں سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کو نشان پاکستان ایوارڈ سے بھی نوازا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا پاکستان سعودی عرب کیساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا دونوں ممالک میں مضبوط تاریخی، اسٹرٹیجک اور دفاعی تعاون ، تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ، ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی بھی شریک ہوئے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کا برادرانہ رشتہ مشترکہ عقیدے اور تاریخی تعلقات سے عبارت ہے، صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر مملکت نے مشکل وقت میں حمایت کرنے پر سعودی عرب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، صدر مملکت نے شاہ سلمان کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود کے ویژن کو سراہا۔سعودی وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تاریخی، سٹریٹجک اور دفاعی تعاون ہے، تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہئے، سعودی عرب علاقائی خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ایوانِ صدر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے نشانِ پاکستان کا اعزاز دیا۔سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی یوم پاکستان میں شرکت کے بعد آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا نور خان ائیر بیس پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا۔شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پرشرکت کی۔ تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔ شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے شاندار جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیا۔ تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کی دعوت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ معززمہمان نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی ملاقات ہوئی۔ جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت جبکہ علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع ، سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

اہم خبریں سے مزید