• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندگی میں کبھی اولاد کی کمی محسوس نہیں کی: حنا خواجہ بیات

اداکارہ حنا خواجہ بیات ـــ فوٹو اسکرین شاٹ
اداکارہ حنا خواجہ بیات ـــ فوٹو اسکرین شاٹ

 شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ حنا خواجہ بیات کا کہنا ہے کہ اگر اللّٰہ نے مجھے اولاد نہیں دی تو یہ بھی اس کا کرم ہے کیونکہ اس کے ہر کام میں بہتری ہوتی ہے۔

حنا خواجہ بیات نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُن سے یہ سوال کیا گیا کہ’کیا آپ نے کبھی زندگی میں اولاد کی کمی محسوس کی؟‘

اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میری شادی کی سب سے خوبصورت بات یہ تھی کہ میں اور میرے شوہر ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہوتے تھے، ہم دونوں نے کبھی اولاد نہ ہونے پر ایک دوسرے کو الزام نہیں دیا، ہم دونوں کو بچے بہت پسند تھے اور ہم نے اس کے لیے کوشش بھی کی۔

اداکارہ نے کہا کہ علاج معالجے کے باوجود بھی جب اللّٰہ نے ہمیں اولاد نہیں دی تو ہم یہ سمجھ گئے کہ اللّٰہ ہمیں اولاد نہیں دینا چاہتا اور اس کے پر کام میں کوئی نہ کوئی مصلحت ہوتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ خاندان میں سب بچے ہم دونوں کو بہت پسند کرتے ہیں اور وہ بھی ہمارے بچے ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے مزید کہا کہ اللّٰہ نے اپنے سب سے محبوب حضرت محمد ﷺ  کو بھی بیٹا دے کر واپس لے لیا تھا تو پھر اگر اللّٰہ ہمیں اولاد نہیں دے رہا تو وجہ ہوگی۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہم دونوں میاں بیوی ہی ایک دوسرے کے لیے کافی تھے بس کبھی کبھی میں سوچتی ہوں کہ اگر آج میرے بچے ہوتے تو شاید مجھے تھوڑا سہارا ہوتا اور تنہائی محسوس نہیں ہوتی لیکن میں یہ بھی سوچتی ہوں کہ اگر آج بچے ہوتے تو ابھی ان کی عمر کالج جانے کی ہوتی تو مجھے پر یہ بھی ایک ذمہ داری ہوتی اس لیے شاید یہ اللّٰہ کا کرم ہے کہ اس نے مجھ پر اس ذمہ داری کا بوجھ نہیں ڈالا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ویسے ابھی میرے آن اسکرین اور آف اسکرین بہت سارے بچے ہیں اور کچھ میرے عثمان خالد بٹ اور مدیحہ امام جیسے بچے بھی ہیں جو خود یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وکی پیڈیا کے مطابق میرے جو دو بچے ہیں وہ ہم ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ عثمان خالد بٹ خود کو میرا بیٹا اور مدیحہ امام خود کو میری بیٹی کہتی ہیں۔

حنا خواجہ بیات نے کہا کہ اللّٰہ جو بھی کرتا ہے وہ انسان کی بہتری کے لیے ہوتا ہے اور انسان کو بعد میں سمجھ آتی ہے کہ اللّٰہ نے اسے کتنی بڑی مشکل سے بچا لیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید