• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین PTI نے فیض حمید کیخلاف انکوائری کی حمایت کردی

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن نے اتفاق کیا ہے کہ سیاست اور عدالتی معاملات میں خفیہ اداروں کی مداخلت روکنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ حکمت عملی بنانی ہوگی۔ 

میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے فیض حمید کیخلاف انکوائری کی حمایت کردی۔

 بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ساتھ جو ہوا وہ بھی غلط تھا، ججوں کی شکایات پر حکومتی کمیشن بنانے کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے سپریم کورٹ کا فل کورٹ اس معاملہ کو دیکھے،عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی کیلئے اتوار کو پشاور میں ریلی نکالیں گے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا ۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے ججوں کے خط پر تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے،جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کو اسمبلی میں طلب کیا جاسکتا ہے، ہم خجل خوار ہوسکتے ہیں تو ریٹائرڈ فوجی افسران سے سوال کیوں نہیں پوچھے جا سکتے ،جنرل باجوہ نے مجھے پیغام بھجوایا میں تمہارے ساتھ یہ کردوں گا، پہلے بھی جنرل باجوہ نے ہی مجھے اندر کروایا تھا۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ججوں کی شکایا ت پر حکومتی کمیشن بنانے کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں، ججوں نے خط میں حکومت کو نہیں سپریم جوڈیشل کونسل کو مخاطب کیا تھا.

 ججوں کے تحفظات ہی حکومت کے خلاف ہیں، حکومت کا انکوائری کمیشن میں کوئی عمل دخل نہیں ہونا چاہئے،جج صاحبان کا خط پوری چارج شیٹ ہے اسے سپریم کورٹ کو دیکھنا ہے، ہمارا مطالبہ ہے سپریم کورٹ کا فل کورٹ اس معاملہ کو دیکھے۔

اہم خبریں سے مزید