واشنگٹن (واجدعلی سید)امریکا کے صدر جوبائیڈن نے جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کو ایک خط بھیجا ہے جس میں عالمی اور علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کے ساتھ کھڑا رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔اپنے دور صدارت میں جو بائیڈن کا پاکستان کی قیادت کے ساتھ یہ پہلا سرکاری اور براہ راست رابطہ ہے ۔شہبازشریف کے پیشرو عمران خان نے بائیڈن دورمیں وائٹ ہاؤس سے فون کال نہ آنے پر مایوسی کا اظہارکیاتھااور یہ معاملہ پاکستان میں ایک بڑے تنازع کی شکل اختیار کرگیا تھا۔فروری میں عام انتخابات کے بعد شہبازشریف رواں ماہ کے اوائل میں دوسری بار وزیراعظم بنے تھے ۔روایت کے مطابق یہ توقع کی جارہی تھی کہ امریکی انتظامیہ حکومتی کی تشکیل کے بعد نئے وزیر اعظم کو مبارکباد کا پیغام بھیجے گی تاہم جوبائیڈن کے خط میں ایساکوئی اظہار نہیں کیاگیا۔