برسلز( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان نے زیادہ عالمی حدت کو برداشت کرنے اور110من فی ایکڑ پیداوار دینے والی موٹے چاول کی نئی ورائٹی دریافت کر لی۔ چاول کی اس نئی قسم کو پنجاب کے چاول کیلئے تحقیقاتی ادارے کالا شاہ کاکو میں تیار کیا گیا ہے اور اسے KSK706کا نام دے کر ورائٹی ایوولیوشن کمیٹی کی منظوری کیلئے بھی بھیج دیا گیا ہے۔ چاول کے مذکورہ تحقیقاتی ادارے کے ذرائع کے مطابق یہ ورائٹی 7 ملی میٹر تک لمبائی کی حامل اور بڑھتی ہوئی عالمی حدت کو برداشت کرنے کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ کھادوں کو بہتر استعمال کرنے اور ضرر رساں کیڑوں اور بیماریوں سے بچنے کی بھرپور خوبیوں کی حامل ہے۔ جبکہ اس کی چھڑائی سے حاصل کردہ چاول بھی 50 فیصد زیادہ ہے۔ ادارے کے مطابق اس کی جلد پک کر برداشت ہونے کی خوبی کی بدولت آلو اور مٹر کی کاشت بھی بروقت ممکن ہے جبکہ اپنی بہترین پیداواری صلاحیت کی بدولت یہ ورائٹی برآمد کردہ مہنگی ہائبرڈ اقسام کی نسبت دھان کے کسانوں کا فی ایکڑ منافع بڑھاکر انکی معاشی اور سماجی ترقی میں اضافہ کا باعث بن سکتی ہے۔