کراچی (اسٹاف رپورٹر) محسن نقوی نے چیئرمین بننے کے بعد پہلا بڑا فیصلہ کرلیا ۔ کئی روز سے جاری سسپنس ختم کرکے بابر اعظم کو دوبارہ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل اور ون ڈے کا کپتان مقرر کردیا ہے۔ شاہین کی پرواز صرف ایک سیریز تک محدورد رہی، پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل کی کارکردگی پر انہیں کو کپتانی سے فارغ کرکے ٹیم کا کنٹرول پھر بابر کے سپر د کردیا گیا ہے۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کےخلاف 4-1سے شکست ہوئی تھی۔ اتوار کو پی سی بی نے اعلان کیا کہ سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین محسن نقوی نے بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کر دیاہے۔ ذکا ء اشرف کا فیصلہ ایک سیریز بعد تبدیل کرکے بابر اعظم کے سر پر ایک بار پھر قیادت کا تاج سجا دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی ارکان نے دو دن پہلے کاکول پہنچ کر بورڈ کے فیصلے پر شاہین شاہ آفریدی کو اعتماد میں لیا تھا اور مستقبل کے پلان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا تھا۔ سلیکٹرزنے شاہین آفریدی کے بابر اعظم سے متعلق تحفظات کو بھی دور کیا تھا۔ بابر کی کپتانی میں پاکستانی ٹیم کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی ہے ان کا بڑ اامتحان جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہے۔ پاکستان کو اگلی ٹیسٹ سیریز چھ ماہ بعد کھیلنی ہے اس لئے ٹیسٹ کپتان کے بارے میں ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد15نومبر2023میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ بابراعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے ٹی20ورلڈکپ 2021، ٹی20ورلڈکپ 2022اور آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ\2023کھیلا تاہم کوئی ایونٹ نہیں جیت سکا۔ ایشیاکپ میں بابراعظم نے 2022، 2023کھیلا اور وہاں بھی ٹائٹل حاصل کرنے سے محروم رہی۔