کراچی کے علاقے دھوبی گھاٹ میں ایک منفرد مسجد موجود ہے جس کا ڈیزائن ایک کشتی سے مشابہت رکھتا ہے۔
یہ مسجد ’مسجدِ سفینہ‘ یا ’کشتی والی مسجد‘ کے نام سے جانی جاتی ہے لیکن اس کا اصل نام ’کچھی جامعہ مسجد‘ ہے جو لیاری میں مرزا آدم خان روڈ پر دھوبی گھاٹ کے علاقے میں واقع ہے۔ یہ مسجد تقریباً 130 سال پُرانی ہے۔
اگر اس مسجد کو دور سے دیکھیں تو یہ کراچی کی مصروف سڑک کے بیچوں بیچ لنگر انداز ایک بڑی کشتی کی طرح نظر آتی ہے لیکن قریب جا کر 2 بڑے مینار اور ایک سبز رنگ کا گنبد نظر آنے پر پتہ چل جاتا ہے کہ یہ مسجد ہے۔
اس مسجد کی 3 منزلیں ہیں اور اس میں ایک ہزار نمازیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔
اس مسجد کی تعمیرِ نو بحری جہاز کی طرز پر 2007ء میں شروع کی گئی، جس میں تقریباً 5 سال کا عرصہ لگا۔
اس کی تعمیرِ نو اس علاقے میں مقیم کچھی میمن برادری کے کچھ افراد نے مل کر کی۔
کراچی کے قدیم ترین علاقے لیاری کی کشتی والی مسجد اپنے منفرد ڈیزائن کی وجہ سے خوبصورت مساجد میں سے ایک شمار کی جاتی ہے۔