کراچی ( رفیق مانگٹ) امریکی جریدے فوربز کی طرف سے جاری کردہ دنیا کی امیر ترین خواتین کی تازہ فہرست کے مطابق دنیا کے کل 2781 کھرب پتیوں میں 369خواتین ہیں جب کہ گزشتہ سال 2023میں یہ تعداد 337 تھی، جبکہ فہرست میں خواتین کا حصہ 12عشاریہ8 فی صد تھا۔
ان خواتین کی مجموعی دولت 4ہزار 167کھرب روپے۔ فرانسیسی فرونسواز 276کھرب روپے کیساتھ سر فہرست، بھارتی ساوتری جندال بھی چھٹی امیرترین خاتون ، ابتدائی 10امیر ترین خواتین میں سے 9 کو دولت وراثت میں ملی،واحد سیلف میڈ کھرب پتی رافیلا کا ساتواں نمبر ، مجموعی فہرست میں 100 خواتین سیلف میڈ ،46 نے پہلی بار جگہ بنائی ، پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ قابل ذکر ۔
تفصیلات کے مطابق 2024میں خواتین کی مجموعی دولت4167کھرب49ارب روپے( 1عشاریہ8 ٹریلین ڈالر )ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً667کھرب روپے( 240 ارب ڈالر )زیادہ ہے۔مسلسل چوتھے سال دنیا کی امیر ترین خاتون لوریئل کاسمیٹکس کی70سالہ فرانسیسی وارثہ فرونسواز بیٹنکورٹ مائیرز ہیں۔
پچھلے 12 مہینوں میں اس کی دولت میں 19 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے اس کی کل مالیت 276کھرب44ارب روپے ( 99ارب50کروڑ ڈالر) ہو گئی، جو کہ 2024 کی فہرست میں شامل کسی بھی خاتون کی دولت میں سب سے بڑا اضافہ ہے، وہ جلد سو ارب ڈالر کے کلب میں شامل ہونے والی پہلی خاتون ہوں گی۔
سرفہرست دس امیر ترین خواتین میں سے نو کو ان کی دولت وراثت میں ملی یا تو باپ یا شوہر سے،ایک کو ماں سے ملی ۔
میک کینزی اسکاٹ ٹاپ 10 میں واحدہے جسے طلاق نے کھرب پتی بنا دیا۔
ٹاپ دس میں ساتویں نمبر پر شپنگ کمپنیوں کی شریک بانی رافیلا صرف واحد کھرب پتی ہے جو سیلف میڈ ہے۔
اس سال اس فہرست میں شامل 100 خواتین سیلف میڈ یعنی انہوں نے وراثت میں ملنے کے برخلاف کمپنی کی بنیاد رکھی ۔
مزید 200 خواتین کو ان کی دولت وراثت میں ملی، جبکہ 69 خواتین وراثت میں ملے کامیاب کاروبار کو بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
46 نئی خواتین نے 2024 کی فہرست میں جگہ حاصل کی ،سب سے زیادہ قابل ذکر نووارد پاپ سٹار ٹیلر سوئفٹ ہے۔
دنیا کی ٹاپ دس میں دوسرے پر امریکا کی 74سالہ ایلس والٹن کی مجموعی دولت201کھرب روپے( 72ارب3 کروڑ ڈالر) ہے ،ان کی دولت کا ذریعہ والمارٹ ہے۔تیسرے پر امریکا کی 61سالہ جولیا کوچ کی مجموعی دولت179کھرب روپے(64 ارب3 کروڑ ڈالر) ہے ان کی دولت کا ذریعہ کوچ انڈسٹریز ہے۔چوتھے پر امریکا کی 84سالہ جیکولین مریخ کی مجموعی دولت107کھرب روپے(38ارب5 کروڑ ڈالر) ہے ان کی دولت کا ذریعہ پالتو جانوروں کا کھانا ہے۔
پانچویں پر امریکا کی 53سالہ میک کینزی ا سکاٹ کی مجموعی دولت99کھرب روپے(35 ارب6 کروڑ ڈالر) ہے ،دولت کا ذریعہ ایمیزون ہے ۔ارب پتی جیف بیزوس سے 2019 میں طلاق کے بعد ایمیزون کا 4 فی صد حصہ ملا۔ چھٹے پرہندوستان کی جندال اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ کی نان ایگزیکٹیو چیئرپرسن74سالہ ساوتری جندال کی دولت 93کھرب روپے(ساڑھے33ارب ڈالر) ہے ،ان کی دولت کا ذریعہ اسٹیل ہے۔ ساتویں پراطالوی اور سوئس شہریت کی مالک 79سالہ رافیلا اپونٹے ڈائیامنٹ کی مجموعی دولت 92کھرب روپے(33ارب ایک کروڑ ڈالر) ہے،ان کی دولت کا ذریعہ شپنگ ہیں۔ آٹھویں پر 78سالہ امریکی خاتون مریم ایڈلسن کی دولت89کھرب روپے( 32 ارب ڈالر) ہے دولت کا ذریعہ لاس ویگاس کے کیسینو ہیں ۔
نویں پر 70سالہ آسٹریلوی جینا رائن ہارٹ کی مجموعی دولت ساڑھے 85کھرب روپے( 30 ارب8 کروڑ ڈالر) ہے ،دولت کا ذریعہ کان کنی ہے۔دسویں پر62سالہ امریکی ابیگیل جانسن کی مجموعی دولت ساڑھے 80کھرب روپے(29ارب ڈالر )ہے ، دولت کا ذریعہ سرمایہ کاری ہے وہ میوچل فنڈ کی بڑی کمپنی فیڈیلیٹی کی چیف ہیں۔