بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) پاکستان پیپلز پارٹی بریڈفورڈ کے زیر اہتمام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی پینتالیسویں برسی انتہائی عقیدت واحترام سے منائی گئی۔ اس حوالے سے بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی برطانیہ کے چیف آرگنائزر آصف نسیم راٹھور کی رہائش گاہ پر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان نے شرکت کی ۔تقریب میں شریک رہنماؤں علامہ قاری محمد عباس صدر مذہبی امور پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ ،پی پی پی برطانیہ کے سینئر ترین رہنماسردار عبدالرحمان خان ، سابق لارڈ میئر بریڈفورڈ محمد عجیب ،پی پی پی بریڈفورڈ کے سینئر نائب صدر چوہدری عبدالقیوم ماموں، چوہدری علی اکبر ہالی فیکس ، چوہدری محمد سلیم ہیلی فیکس ، محمد افضل اعوان ، سلطان محمود کراچی والا ،ممبر بھٹو شہید ایوارڈ کمیٹی زاہد حمید ، چوہدری محمد نذیر پی آر او ، نوید بٹ ، انجم میر ، افتخار پوٹھی ندیم راٹھور ، نسیم شہزاد راٹھور، وکیل رہنما شاہد اقبال ، عمران راٹھور ، سمران راٹھور عرفان راٹھور و دیگر مقررین نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید ایشیاء کے عظیم لیڈر تھے جنہوں نےڈکٹیٹر کے سامنے سر جھکانے کی بجائے موت کو ترجیح دی اور اپنی جان کو پاکستان اور جمہوریت کیلئے قُربان کر دیا ۔بھٹو شہید مزدوروں کسانوں اور غریبوں کے صحیح معنوں میں ایک ہر دلعزیز لیڈر تھے بھٹو شہید صرف پاکستان کے ہی محسن اور مربّی نہیں تھے بلکہ اسلامی دنیا کے اندر بھی انتہائی عزت و وقار اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے تاریخ میں ایسے لوگ بہت کم پیدا ہوتے ہیں ذوالفقارعلی بھٹو وہ مرد مجاہد تھا جس نے 90 سالہ پرانا احمدیوں کے ارتدادی مسئلہ کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حل کیا اور انہیں آئین پاکستان میں غیر مسلم اقلیت قرار دینے کا قانون پاس کیا۔ پاکستان کو ایٹمی پروگرام اور ایٹمی قوت دے کر پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جینے کا ہمیں حق دیا اور دشمن کو واضح طور پر خبردار کیا کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی قسم کی بھی گھناؤنی حرکات سے باز رہے اس طرح دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادیئے۔ آج ہم اپنے اس عظیم لیڈر سے محروم تو ہو گئے ہیں مگر ان کے مشن اور منشور کو پایۂ تکمیل تک پہچانے کیلئے آج ہر پاکستانی اور کشمیری اپنا بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اور انشاءاللہ کرتا رہے گا۔ تقریب کے آخر میں پی پی پی برطانیہ کے مذہبی اُمور کے صدر علامہ قاری محمد عباس نے شہید قائد ذوالفقارعلی بھٹو کے بلندئ درجات فلسطین اور کشمیر سمیت تمام اُمت مُسلمہ کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی ۔