کراچی(سید محمد عسکری) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ مدرسہ السلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن کو دوسری چار برس کی مدت کیلئے وائس چانسلر مقرر کردیا ہے۔ ان کی دوسری مدت کا اطلاق 13اگست سے ہوگا، ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن اس سے قبل ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر بھی رہ چکے ہیں۔ دریں اثناء اللہ بخش یونیورسٹی آف آرٹ ڈیزائن اینڈ ہیرٹیج جامشورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر اربیلا بھٹو کو یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنس بھٹ شاہ کے وائس چانسلر کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ صوفی یونیورسٹی بھٹ شاہ کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروین منشی کو دوسری مدت بھی مکمل ہوگئی تھی۔ تلاش کمیٹی نے تین امیدواروں کا انتخاب بھی کرلیا تھا تاہم وہ سیکورٹی کلیئرنس کی نذر ہوگیا اور تاحال کئی ہفتے گزرنے کے باوجود سکیورٹی کلیئرنس نہ مل سکی۔