• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

49 پاکستانی پاسپورٹس بیرون ملک لے جانے والا ایجنٹ مشروط رہا

کراچی(افضل ندیم ڈوگر)49پاکستانی پاسپورٹس بیرون ملک لے جاتے ہوئے کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لئے گئے مقامی ٹریول ایجنٹ کو ایف آئی اے پاسپورٹ سیل کے عملے نے ابتدائی تفتیش کے بعد قانونی شواہد پیش کرنے پر مشروط طور پر رہا کر دیا۔ ایف ائی اے حکام کے مطابق محمد عدنان ٹریول ایجنٹ ہے جو پاسپورٹس لے کر کراچی سے براستہ دبئی ایران جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق پاکستانی پاسپورٹس پر جارجیا کے ویزے لگائے جانے تھے۔ پاکستان میں جارجیا کی ایمبیسی موجود نہیں ہے۔ پاکستانیوں کے جارجیا کے ویزے کسی بھی قریبی ملک کی ایمبیسی سے لگوائے جاتے ہیں۔ جارجیا کے ویزوں کیلئے پاسپورٹس اور درخواستیں مذکورہ ملکوں میں جاکر ایجنٹ جمع کراتے ہیں۔ عدنان نے اس قانونی کام کیلئے ایرانی سفارت خانے اور پاکستان کے فارن آفس کے اجازت نامے پیش کردیئے۔ پاسپورٹ تہران میں جورجیا کے سفارتخانے میں جمع کرائے جانے تھے۔ ویزے لگنے کے بعد ایجنٹ نے پاسپورٹ پاکستان لاکر شہریوں کو دینے تھے۔ ایف ائی اے پاسپورٹ سیل حکام کے مطابق جارجیا سفارتخانے کے 49 اجازت نامے کی تصدیق کیلئے وزرات خارجہ کو مراسلہ ارسال کئے گئے ہیں۔ وزارت خارجہ سے اجازت ناموں کی تصدیق کے بعد ایجنٹ پاسپورٹ ایران لے کر جاسکتا ہے اگر تصدیق نہ ہوئی تو عدنان کو دوبارہ گرفتار کرکے مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید