بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے نئے قرض پروگرام کے سلسلے میں میٹنگز کے دوران قرض معاہدے کے لیے درخواست تیار کر لی گئی۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع کے مطابق ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نئے قرض پروگرام کے لیے 2 درخواستیں کریں گے، آئی ایم ایف سے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلیٹی اور کلائیمیٹ چینج کے لیے اضافی فنڈ کے لیے درخواستیں کی جائیں گی۔
ذرائع وزارتِ خزانہ نے بتایا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات اور مختص بجٹ پر آئی ایم ایف حکام کے لیے بریفنگ تیار کی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گورنراسٹیٹ بینک اور سیکریٹری وزارتِ خزانہ آئی ایم ایف حکام سے ملاقات کے دوران معاشی اعشاریوں سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ایم ڈی آئی ایم ایف سے مثبت بات چیت کے نتیجے میں آئی ایم ایف مشن مذاکرات کے لیے آئندہ ماہ پاکستان پہنچ جائے گا، مشن نئے قرض پروگرام اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں معاشی ٹیم کے ساتھ کام کرے گا۔
وزارتِ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی بینک کے حکام سے بھی ملاقات کے دوران فنانسنگ بڑھانے کے لیے معاشی ٹیم بات چیت کرے گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس آج سے واشنگٹن میں شروع ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں پاکستانی وفد ان اجلاسوں میں شرکت کرے گا، وزارتی اور اہم اجلاس 17 اپریل سے 19 اپریل کے دوران شیڈول ہیں۔
اس دوران وزیرِ خزانہ کی ایم ڈی آئی ایم ایف اور صدر عالمی بینک سے ملاقاتیں ہوں گی۔
وزیرِ خزانہ کی دوست ممالک کے وزرائے خزانہ اور امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں ہوں گی۔
وزارتِ خزانہ کےذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر آئی ایم ایف کو قرض کے نئے پروگرام کے لیے درخواست کی جائے گی۔