• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہجرت کالونی، نجی اسکول میں جنریٹر کے دھوئیں سے متعدد بچوں کی حالت غیر

کراچی( اسٹاف رپورٹر )ہجرت کالونی میں واقع نجی اسکول میں جنریٹر کے دھوئیں سے اسکول کے متعدد بچوں کی حالت غیر ہو گئی، واقعہ کے بعد پولیس اور مختلف فلاحی اداروں کی ایمبولینسیں موقع پر پہنچیں اور بچوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں بچوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے،ریسکیو ادارے کے مطابق 22 بچے متاثر ہوئے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تین بچے بے ہوش ہوئے تھے،ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے واقعہ کا نوٹس لینے پر انسٹی ٹیوشنز کی ٹیم اسکول کا معائنہ کرنے کے لیے روانہ ہوئی،ٹیم کے ممبر قربان علی بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول سال 2000 سے اسکول ایسوسی ایشن کے ساتھ رجسٹرڈ اور کچی آبادی میں قائم ہے جہاں 700 سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں، انکا کہنا تھا کہ کولنگ سسٹم نہ ہونے اور گرمی کے باعث بچوں کی حالت خراب ہوئی، معائنہ کرنے کے بعدمزید کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کو رپورٹ پیش کریں گے، ایس ایچ او تھانہ سول لائن شاہد حسین نے بتایا کہ شکایت درج ہونے پر قانونی کارروائی کی جائے گی، علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی دس سے بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے جس کی وجہ سے یہ واقعہ ہوا ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ طویل لوڈشیڈنگ ختم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید