• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انکوائری کمیشن نے جنرل فیض کو کلین چٹ نہیں دی، جاوید لطیف

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میزبان حامد میر سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کے بغیر بننے والی حکومت عوام کے مفاد میں فیصلے نہیں کرسکتی،عمران خان حکومت کے ساتھ کسی بھی صورت ڈیل یا مذاکرات کے نتیجے میں رہا نہیں ہوں گے،ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ نے جنرل فیض کو کلین چٹ نہیں دی ہے نواز شریف چاروں صوبوں میں جائیں گے، یہ تاثر درست نہیں کہ نواز شریف سیاست میں دلچسپی نہیں لے رہے، ن لیگ کو آٹھ فروری کو اکثریت حاصل نہیں کرنے دی گئی، پری پول دھاندلی اور الیکشن کے روز بہت کچھ ہوتا رہا، نواز شریف کے سینے میں بہت سے راز ہیں مگر کبھی مقبولیت کیلئے کوئی سائفر نہیں لہرایا۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہئے، اس حکومت کے ساتھ کیسے مذاکرات ہوسکتے ہیں، عمران خان حکومت کے ساتھ کسی بھی صورت ڈیل یا مذاکرات کے نتیجے میں رہا نہیں ہوں گے، عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، عمران خان کیخلاف بے بنیاد کیسز ہیں، انصاف کے تقاضے پورے ہوں تو امید ہے عمران خان اسی مہینے رہا ہوں گے، توشہ خانہ کیس میں نیب نے خود فیصلہ معطل کرنے کیلئے درخواست کی، القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان ٹرسٹی ہیں ان کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے بتایا کہ پہلے ملاقاتوں میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کئی دفعہ ان کے کان میں بات کرتا تھا، آج شیشہ رکھ کر عمران خان کے ساتھ ہماری ملاقات کروائی گئی، شیشہ درمیان میں رکھ کر ملاقات ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، عمران خان سے ملاقاتوں میں تمام معاملات پر ہدایات لیتا ہوں، میں بانی پی ٹی آئی کا متبادل نہیں ہوں، پارٹی میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں مگر سب متحد ہیں۔ بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی ان تمام لوگوں کی عزت کرتا ہوں جو مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے، شہریار آفریدی سے کہتا ہوں جو بھی بات کرنی ہے پارٹی پلیٹ فارم پر کریں، پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی میں ہر شخص کا نام عمران خان نے دیا، ہم کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرتے جس میں شہریار آفریدی کی رائے شامل نہ ہو۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ مشکل وقت پر پارٹی چھوڑنے والوں کی واپسی کے بارے میں فیصلہ عمران خان کریں گے۔
اہم خبریں سے مزید