• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفانی بارشیں، عمان میں 17 افراد جاں بحق، متحدہ عرب امارات میں بھی تباہی

کراچی (نیوز ڈیسک) عمان میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی، سڑکیں زیر آب آگئیں، گاڑیاں بہہ جانے سے اسکول کے9 بچوں سمیت17افراد جاں بحق ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند، گھروں سے آن لائن کام کرنے کی ہدایات جاری۔ دوسری جانب دبئی، شارجہ اور ابوظہبی سمیت متحدہ عرب امارات کی کئی ریاستوں میں بھی طوفانی بارشیں، سیلابی صورتحال سے نظام زندگی درہم برھم ہوگیا۔ دبئی میں ریڈ الرٹ نافذ کر دیا گیا۔ دبئی میں کئی مقامات پر بادل پھٹ پڑے، 16گھنٹے سے طوفانی بارشیں کےباعث سڑکیں تالاب بن گئیں ہیں۔ بارش کا 75 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ بارش کا پانی گھروں، مالز، میٹرواسٹیشن اور دیگر مقامات میں داخل ہوگیا ہے۔طوفانی بارشوں کے سبب دن میں اندھیرا چھا گیا، دنیا کا سب سے بڑا ایئر پورٹ دریا کا منظر پیش کرنے لگا، جس کے بعد دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو 25 منٹوں کے لیے بند کرنا پڑا جبکہ سے کئ پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔بارش کے پانی سے بھرے میٹرو اسٹیشن سے ٹرین کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا۔ شاپنگ مال کی چھتوں پانی گرنے لگ گیا۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر کئی فٹ پانی جمع ہونے کی وجہ سے گاڑیاں ڈوب گئی ہیں اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم نکاسی کے لیے ہنگامی اقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔ یہ صورت حال ابوظہبی، دبئی، شارجہ، فجیرہ اور راس الخیمہ میں ہے جہاں پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔حکومتی اعلان کے مطابق سکولوں کو فوری طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری ملازمین کو آئندہ دو روز کے لئے گھر سے کام کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اہم خبریں سے مزید