• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمان خان گینگسٹرز کے نشانے پر، 2016 سے کئی بار قتل کی کوششیں ہوئیں

کراچی:(رپورٹ/ اختر علی اختر) سلمان خان گینگسٹرز کے نشانے پر، 2016 کے بعد کئی بار قتل کی کوششیں ہوئیں ، 2023ء شاہ رُخ خان کو زندہ جلانے اور 2016ء میں عامر خان کو بھارت چھوڑنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ بالی وڈ کے بھائی جان، سپر اسٹار سلمان خان کے گھر حالیہ فائرنگ کے بعد دُنیا بھر میں اُن کے چاہنے والوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے،دوروز قبل سلمان خان کے گھر ممبئی میں واقع گلیکسی اپارٹمنٹس کے باہرموٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی سلمان خان کے فلور پر بھی، لگی جہاں تین روز قبل وہ عید کے موقع پر اکٹھے ہونے والے ہزاروں مداحوں کو ہاتھ ہلاکر ویلکم کررہے تھے۔ فائرنگ کے دن سلمان خان اور اُن کی فیملی ممبرز گھر پر موجود تھے۔ فائرنگ کی ذمے داری بھارتی گینگسٹرز لارِنس بشنوئی کے بھائی نے قبول کرلی۔ پولیس نے فائرنگ کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا۔ گینگسٹر لارِنس بشنوئی کئی برسوں سے سلمان خان کی جان کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، وہ 2016ء سے سلمان خان کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انتہاء پسندوں کی زد میں شاہ رُخ خان اور عامر خان بھی آچکے ہیں۔ 2023ء میں فلم پٹھان کے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ کے تنازع پر انتہاء پسندوں نے شاہ رُخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکیاں دی تھیں، جبکہ دوسری جانب 2016ء میں عامر خان سے بھی گینگسٹرز نے بھارت چھوڑنے کا مطالبہ کیا تھا، انتہاء پسندوں نے اس موقع پرعامر خان کو پاکستان جانے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ اب ہم بالی وڈ کے سلمان خان کو ملنے والی مسلسل دھمکیوں کے بارے میں تفصیل سے بات کرتے ہیں، یہ سلسلہ فروری 2016ء میں ایک گمنام ٹیلی فون کال سے شروع ہوا تھا، جس میں سلمان خان کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی، بعدازاں ان کی سیکیورٹی سخت کردی گئی تھی ۔ جنوری 2018ء میں سلمان خان ممبئی کے فلم سٹی میں اپنی فلم ’’ریس تھری‘‘ کی شوٹنگ کررہے تھے کہ اچانک ایک درجن پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے، انہوں نے یہ کہہ کر فلم کی شوٹنگ رُکوادی کہ سلمان خان کی جان کو خطرہ ہے، اُنھیں فوری طورپر یہاں سے نکالنا ہوگا، اس کے بعد سینئر پولیس حکام کی سخت نگرانی میں سلمان خان کو پولیس کی گاڑی میں اُن کے گھر باندرہ پہنچایا گیا۔ یاد رہے کہ اس واقعے سے چند روز قبل ہی بشنوئی نامی راجستھان کے ایک مافیا کے سرغنہ نے سلمان خان کی زندگی کا خاتمہ کرنے کی دھمکی دی تھی ۔ جون 2022ء میں بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان انتہاء پسندوں کے نشانے پر ایک مرتبہ پھر آگئے تھے۔ نومبر 2022ء میں پھر سے سلمان خان کو دھمکیوں کے سلسلے کے بعد ممبئی پولیس کی جانب سے اُنھیں Yکیٹیگری دی گئی تھی، اس وجہ سے اُن کے ساتھ ہروقت دو کمانڈوز اور چار پولیس اہلکار رہتے ہیں۔ اس کے باوجود بھی دھمکیوں کا سلسلہ نہ تھما، سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو ایک دھمکی آمیز خط بھیجا گیا۔ جون 2022ء میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں گینگسٹر لارِنس بشنوئی اور اُن کے ساتھی یہ کہتے دکھائی دیئے کہ ہم سلمان خان کو جودھپور میں قتل کریں گے۔ مارچ 2023ء میں سب کے بھائی جان، سلمان خان کو دھمکی آمیز’’ای میل‘‘ موصول ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے سلمان خان کی مدعیت میں گینگسٹر لارِنس بشنوئی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
اہم خبریں سے مزید