• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ بلوچستان کا مالی بحران صوبے کے خلاف سازش ہے ،بچل ابڑو

کوئٹہ (پ ر )گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی بلوچستان کے سینئرصوبائی نائب صدر محمد بچل ابڑو کی قیادت میں وفد نےجامعہ بلوچستان کے اساتذہ و ملازمین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کیا۔ وفد میں گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن آئینی کے ضلعی جنرل سکرٹری عبدالکریم جتک، کوئٹہ ڈویژن کے پریس سیکرٹری یوسفی بلوچ، چلتن ٹاؤن کے صدر عبید اللہ انور مرئی، ڈپٹی کنوینر سونا خان سومرو، کریم بخش جتک ،عبدالقادر سومرو ،نعمت اللہ ،محمد وقاص ،محمد ایوب زہری ،غلام سرور جتک، محمد صدیق بنگلزئی،کفایت اللہ اورمنظوراحمد سرپرہ شامل تھے ۔اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد بچل ابڑو نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام اور دیگر ملازمین کو گزشتہ 4ماہ سے تنخواہیں ادا نا کرنا سرا سر نا انصافی ہے۔ جامعہ بلوچستان کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔تنخواہوںکی عدم ادائیگی کے باعث جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور رمضان المبارک میں شدید مشکلات کا شکار رہےجبکہ ان کے بچے عید الفطر کی خوشیاں بھی نہیں مناسکے۔انہوں نے کہاکہ تنخواہیں ہر ماہ وقت پر ادا کرنے کا کوئی مستقل حل نکالا جائے۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کو مالی بحران سے دوچار کر کے جامعہ بلوچستان کے اساتذہ اور طلباء کے مستقبل کو داو پر لگا دیا گیا ہے صوبے کی واحد یونیورسٹی کو تباہی سے دوچار کرنا صوبے کے تعلیمی نظام کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ۔بحران صوبے کے نوجوانوں کو اعلی تعلیم سے محروم رکھنے کی سازش ہے جس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے صوبہ پہلے ہی تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے اور ہم دیگر صوبوں سے شرح خواندگی میں پیچھے ہیں مزید اس طرح کے بحران سے واضح پیغام ہے کہ ہم بلوچستان میں تعلیمی نظام کو مزید تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں جو کہ افسوسناک عمل ہے۔
کوئٹہ سے مزید