• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم درآمد کرنے کا فیصلہ غلط، 60 ارب کا ڈاکہ، پیپلز پارٹی

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنمائوں رانا فاروق سعید اور شہزاد سعید چیمہ نے کہا ہے کہ گندم کی بوائی کے دوران باہر سے گندم درآمد کرنے کا فیصلہ غلط تھا،صدر مملکت اور وزیر اعظم کسانوں سے ہونے والی 60ارب کی ڈکیتی کی انکوائری کرائیں۔وہ پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں ڈاکٹر خیام حفیظ،شاہدہ جبیں،افنان صادق لون،خاور ناہید موہل،میاں عتیق،نعمان یوسف کے ساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ رانا فاروق سعید نے کہا کہ زمیندار ووٹ (ن) لیگ کو دیتا ہے مگر پیسہ پیپلز پارٹی دور میں کماتا ہے۔پیپلز پارٹی ہمیشہ بحرانوں میں آتی ہے اور عوام کی خدمت کرتی ہے،بد قسمتی سے نگراں حکومت نے وہ کام کیے جو انکے دائرہ اختیار میں نہیں تھا ۔وزیر اعلی پنجاب اس ظلم کو روکیں اور کسان کو بچائیں ورنہ وہ برباد ہوا تو آئندہ وہ گندم نہیں بوئے گا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وزراء اور ارکان اسمبلی اپنے ذاتی گودام سستی گندم سے بھر رہے ہیں۔رانا فاروق سعید نے مذید کیا کہ کپاس کاشت ہونے کے باوجود حکومت نے سپورٹ پرائس مقرر نہیں کی۔کم از کم 11000 فی گانٹھ ریٹ مقرر کیا جائے۔ شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ کاشتکار پر فی ایکڑ ٹیکس سے غذائی اجناس کا پہیہ جام ہو جائیگا۔ کسان کو سہولت نہیں دے سکتے نہ دیں مگر زندہ درگور تو مت کریں،مکئی کی فصل کاشتکار کی کمر توڑ گئی۔ملز ،ٹریڈرز اور انویسٹرز کی مناپلی مار گئی،وزیر اعلی پنجاب اپنی کابینہ کیساتھ بیٹھ کر اگلے 24سے 36گھنٹوں میں ایکسپورٹ پالیسی کا تعین کریں۔