اسلام آباد(نمائندہ جنگ)امریکا اور پاکستان نے اپنے قریبی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے علاقائی سلامتی پر تعاون بڑھانے کا عہد کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے قائم مقام انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور جان باس کی قیادت میں دورہ کرنے والے امریکی وفد اور قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر رحیم حیات قریشی کے درمیان ملاقات کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریقین نے ملاقات کے دوران تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دو طرفہ امور کی ایک وسیع رینج کا احاطہ کیا۔وزارت خارجہ نے مزید بتایا کہ بات چیت نتیجہ خیز تھی اور اس میں تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔واضح رہے کہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے بعد کسی امریکی اہلکار کا اسلام آباد کا یہ پہلا دورہ ہے۔گزشتہ ماہ خطوط کے تبادلے میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی عوام اور دنیا بھر کے لوگوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے پائیدار شراکت داری کی اہم نوعیت پر زور دیا تھا۔