کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 18.89فی یونٹ کے ممکنہ اضافے کے خلاف 7مئی منگل کوشام 5بجے کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس کے سامنے ”عوامی پریس کانفرنس“ہوگی جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، شدید گرمی و حبس کے موسم میں شہر میں 18گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے ہیں، طلبہ و طالبات لوڈ شیڈنگ کے باعث امتحانات کی تیاری کرنے میں پریشانی کا شکار ہیں،کے الیکٹرک اپنا طرزعمل درست کرے اور لوڈ شیڈنگ ختم کرے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو قومی تحویل میں لیا جائے،اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے، نجکاری کرنے والوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سن لیں کراچی کے عوام کو بیانات نہیں اقدامات چاہیئے، جامعہ کراچی کے غیر تدریسی عملے کو شوکاز نوٹس دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کی جانب سے فوری طور پر 2ارب روپے کی اضافی گرانٹ دی جائے اور جامعہ کراچی کے اساتذہ اور طلبہ کے مسائل حل کیے جائیں،آصف علی زرداری جنگی بنیادوں پر شروع کیے جانے والے سیف سٹی پروجیکٹ کی وضاحت کریں کہ ایسا کون سا پروجیکٹ ہے جو گزشتہ 16سال سے مکمل ہی نہیں ہورہا۔