کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی محتسب کی 2025 کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال سرکاری محکموں سے متعلق25 ہزار سے زائد عوامی شکایات موصول ہوئیں، 12 ہزار سے زائد کا فیصلہ، 25 سو سے زائد عوامی شکایات کو غیر رسمی طور پر حل کیا گیا جبکہ 7 ہزار سے زائد شکایات ابتدائی اسکروٹنی کے بعد فارغ کردی گئیں، صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ سال 2024 میں ہمیں 9 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں تاہم اس سال آگاہی سیمینارز، کھلی کچہریاں، طلبا کی شمولیت عوامی شکایات میں خاطر خواہ اضافے کا سبب بنیں، عوامی شکایات کے حل کا دورانیہ قلیل کیے جانے سے بھی شکایات میں نمایاں اضافہ ہوا، ہم نے عوام کو شکایات کے اندراج کے لیے ویب سائٹ اور ایپلیکیشن کی بھی سہولت فراہم کی ہے، انھوں نے کہا کہ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے جلد افتتاح سے شکایت کنندہ براہ راست اپنی شکایت پر عملدرآمد ہوتا دیکھ سکے گا، عوام کو مفت، معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔