کراچی (جنگ نیوز )کراچی بحالی تحریک کے وفد نے چیئرمین اشرف قریشی کی قیادت میں وفاقی اردو یونیورسٹی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اردو زبان کی ترویج، تعلیمی و تحقیقی کردار کے فروغ، کراچی اور اردو زبان کے باہمی تعلق، وفاقی اردو یونیورسٹی کی بحالی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ کراچی اور اردو زبان کا رشتہ چولی دامن کا ہے اور دونوں ایک دوسرے کے بغیر نامکمل ہیں،کراچی بحالی تحریک کے چیئرمین اور وائس چیئرمین نے وفاقی اردو یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، شیخ الجامعہ نے کہا کہ اردو زبان پاکستان کو جوڑے رکھنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، اس کی ترویج ہم سب پر لازم ہے، وفاقی اردو یونیورسٹی قومی زبان کے نام پر قائم کی گئی ہے، اس لیے یہ ایک مقدس ادارہ ہے اور اس کی ترقی و استحکام تمام پاکستانیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ملاقات کے اختتام پر شیخ الجامعہ نے اشرف قریشی کو نشانِ اردو پیش کیا ،وفد میں وائس چیئرمین محمد نعیم طاہر، فیصل بلوچ، ڈاکٹر سید علی سلمان اور دیگر اراکین شامل تھے۔